بین الاقوامی تنظیموں اور مالی اداروں کی طرف سے سیلاب متاثرین کیلئے 50 کروڑ ڈالر سے زائد کی امداد کا اعلان

اسلام آباد:وزیرِ اعظم محمد شہباز شریف کی اپیل پر بین الاقوامی تنظیموں اور مالی اداروں نے سیلاب متاثرین کیلئے 50 کروڑ ڈالر سے زائد کی فوری امداد کا اعلان کیا ہے۔ وزیراعظم آفس کے میڈیا ونگ سے جاری بیان کے مطابق وزیراعظم شہباز شریف کی زیر صدارت سیلاب زدگان کی مدد کے لئے بین الاقوامی شراکت داروں کے ساتھ اقتصادی امور ڈویژن میں اہم اجلاس ہوا۔اجلاس میں ورلڈ بینک، ایشائی ترقیاتی بینک، عالمی مالیاتی اداروں، بین الاقوامی ڈویلپمنٹ، ڈونرز ،چین، امریکہ و یورپی ممالک ،اقوام متحدہ کے مختلف ذیلی اداروں اور عالمی ادارہ صحت کے نمائندوں نے بھی شرکت کی۔ وزیراعظم نے بین الاقوامی شراکت داروں کو ملک بھر میں خاص طور پر سندھ اور بلوچستان میں سیلاب کی تباہی کاریوں کے بارے میں آگاہ کیا۔ عالمی بینک کے کنٹری ڈائریکٹر ناجےبنحسین نے وزیرِ اعظم کو ورلڈ بنک کی طرف سے 350 ملین ڈالر کی فوری امداد کے بارے آگاہ کیا۔انہوں نے خصوصی طور پر وزیرِ اعظم کے فلڈ ریلیف کیش پروگرام کی تعریف کی۔ ورلڈ بنک یہ امداد رواں ہفتے کے آخر تک مکمل طور پر فراہم کر دے گا۔ اس کے علاوہ انفراسٹرکچر کی بحالی کیلئے بھی نقصانات کے تخمینے کے بعد جامع منصوبہ بندی سے پاکستان کے ساتھ ورلڈ بنک کی طرف سے تعاون کیا جائے گا۔ اقوامِ متحدہ کے ذیلی ادارے ورلڈ فوڈ پروگرام نے سیلاب متاثرین کیلئے 110 ملین ڈالر کی امداد کا اعلان کیا جبکہ ایشیئن ڈویلپمنٹ بنک نے 20 ملین ڈالر اور یوکے ایڈ نے 1.5 ملین پاونڈ کی کی فوری امداد کا اعلان کیا۔علاوہ ازیں یوکے ایڈ کی طرف سے سیلاب متاثرین کی بحالی کیلئے وسط اور طویل مدتی منصوبوں کیلئے 38 ملین پائو نڈ کا بھی اعلان کیا گیا۔ بین الاقوامی تنظیموں کے نمائندوں نے وزیرِ اعظم شہباز شریف کے سیلاب متاثرین کی فوری بحالی کے اقدامات پر مکمل اعتماد کا اظہار کیا۔ وزیرِ اعظم شہباز شریف کے فلڈ ریلیف کیش پروگرام کے تحت 25 ہزار فی خاندان امداد کیلئے بین الاقوامی اداروں کی طرف سے اسی ہفتے امداد کی منتقلی یقینی بنائی جا رہی ہے۔وزیراعظم نے کہا کہ بین الاقوامی اداروں و تنظیموں کے مشکل میں پھنسے پاکستانیوں کی مدد کے اقدام کا خیر مقدم کرتے ہیں، حکومت سیلاب متاثرین کے فوری ریسکیو اور بحالی کیلئے اپنے تمام وسائل بروئے کار لا رہی ہے۔ انہوں نے کہا کہ حکومت نے مشکل معاشی صورتحال میں ہونے کے باوجود فلڈ ریلیف کیش پروگرام شروع کیا ہے، حکومت ترجیحی بنیادوں پر سیلاب متاثرین کے ریسکیو اور ریلیف کیلئے آپریشن کر رہی ہے، ریسکیو کے بعد حکومت سیلاب متاثرین کی بحالی اور تباہ شدہ بنیادی ڈھانچہ کی تعمیر پر کام کرے گی۔