حکومت نے پیٹرول مہنگا اور ڈیزل سستا کر دیا

اسلام آباد:حکومت نے ملک میں پیٹرول کی قیمت بڑھادی جب کہ ڈیزل سستا ہوگیا، وزارت خزانہ نے پیٹرولیم مصنوعات کی نئی قیمتوں کا نوٹیفکیشن جاری کردیا۔ تفصیلات کے مطابق وفاقی حکومت کی جانب سے آئندہ 15 روز کیلئے پیٹرول کی فی لیٹر قیمت میں 9 روپے 66 پیسے اضافہ کردیا گیا، جس کے بعد پیٹرول کی فی لیٹر نئی قیمت 289 روپے 41 پیسے مقرر کردی گئی ہے۔فنانس ڈویژن کی جانب سے جاری کردہ نوٹی فکیشن میں کہا گیا ہے کہ ملک میں ڈیزل کی فی لیٹر قیمت میں آئندہ 15 روز کیلئے 3 روپے 22 پیسے کی کمی کی گئی ہے، اور اب ڈیزل کی نئی قیمت 282 روپے 24 پیسے فی لیٹر مقرر کردی گئی ہے، بتایا جارہا ہے کہ پٹرولیم ڈیلرز ایسوسی ایشن نے حکومت سے پیٹرول کی فروخت پر ایک بار پھرمارجن بڑھانے کا مطالبہ کردیا ہے، اس مقصد کے لیے پٹرولیم ڈیلرز ایسوسی ایشن نے وزارت خزانہ کو ایک خط بھی ارسال کیا ہے، خط میں بجلی کی قیمت، شرح سود اور کراچی انٹربینک آفرڈ ریٹ، لیبر کی لاگت، فرنچائز کی فیس میں اضافے کو مارجن بڑھانے کے مطالبے کا جواز بنایا اور خط میں ایرانی پٹرولیم مصنوعات کی یلغار کو بھی ڈیلرز کے نقصان کا سبب قرار دیا گیا۔