خیبر پختونخوا کے تعلیمی اداروں میں موسم بہار کی تعطیلات کا اعلان

پشاور: تعلیمی اداروں میں موسم بہار کی تعطیلات کا اعلان، خیبرپختونخواہ کے تعلیمی اداروں میں یکم اپریل سے موسم بہار کی تعطیلات کا آغاز ہو گا، عید کی تعطیلات بھی ساتھ ہی ہوں گی۔ تفصیلات کے مطابق خیبر پختونخوا حکومت نے صوبے کے تعلیمی اداروں میں موسم بہار کی تعطیلات کا اعلان کر دیا ہے۔ صوبائی محکمہ تعلیم نے میدانی اور بالائی علاقوں کے لیے تعطیلات کا اعلان کیا جس کا باقاعدہ اعلامیہ بھی جاری کر دیا گیا ہے۔تمام سرکاری و نجی تعلیمی اداروں میں یکم اپریل سے 8 اپریل تک موسم بہار کی چھٹیاں ہوں گی۔ جبکہ موسم بہار کی تعطیلات کے اختتام پر ہی عید الفطر کی تعطیلات کا آغاز بھی ہو جائے گا۔ پاکستان میں عیدالفطر کے موقع پر 6 چھٹیاں ملنے کا امکان ہے تاہم حتمی اعلان حکومت کی جانب سے کیا جائے گا۔پاکستان میں اس سال عید کی چھٹی ممکنہ طور پر طویل ہونے کا امکان ہے، محکمہ موسمیات کی پیش گوئی کے مطابق عیدالفطر 10 اپریل بروز بدھ کو ہونے کا امکان ہے۔عام طور پرعید کی چھٹیوں کا آغاز عید سے ایک روز قبل ہوتا ہے لہذا اگر 10 اپریل بروز بدھ کو عید ہوتی ہے تو عید کی چھٹیاں منگل سے شروع ہوں گی، اس صورت میں حکومت کی جانب سے منگل سے جمعہ تک 4 چھٹیاں دی گئیں تو ویک اینڈ ملا کر کل 6 چھٹیاں بن جائیں گی۔ واضح رہے کہ رمضان المبارک کے دوسرے عشرے کا اختتام قریب آنے پر پاکستان سمیت دنیا بھر میں عید الفطر کی تیاریاں شروع کر دی گئی ہیں۔