پبلک پارکوں میں مفت وائی فائی سہولت فراہم کرنے کا فیصلہ

پشاور:وزیراعلیٰ خیبرپختونخواہ علی امین گنڈاپور نے پشاور کے پبلک پارکوں میں مفت وائی فائی سہولت فراہم کرنے کا فیصلہ کرلیا ہے، انہوں نے کہا کہ اگلے مرحلے میں یہ سہولت صوبے کے تمام شہروں میں فراہم کی جائےگی، اسٹریٹ لائٹس کو شمسی توانائی پر منتقل کیا جائےگا، جہاں ضرورت ہو انڈر پاسز تعمیر کئے جائیں۔ایکس پر جاری پریس ریلیز میں کہا گیا کہ وزیر اعلیٰ خیبر پختونخوا علی امین خان گنڈاپور کی زیر صدارت صوبائی دارالحکومت پشاور کی بیوٹیفیکیشن سے متعلق اجلاس ہوا، اجلاس میں صوبائی وزیر بلدیات ارشد ایوب کے علاوہ متعلقہ انتظامی سیکرٹریز اور دیگر حکام نے شرکت کی۔ اجلاس میں پشاور شہر کو خوبصورت بنانے کے لیے مختلف امور پر غور و خوص کیا گیا۔عوام کی سہولت کے لئے وزیر اعلی علی امین گنڈا پور نے اہم اقدام اٹھاتے ہوئے پشاور کے پبلک پارکوں میں مفت وائی فائی سہولت فراہم کرنے کا فیصلہ کرلیا ہے۔ متعلقہ حکام کو اس سلسلے میں جملہ معاملات کو حتمی شکل دے کر منظوری کے لئے پیش کرنے کی ہدایت کی۔ وزیراعلی خیبر پختونخوا نے کہا کہ اگلے مرحلے میں یہ سہولت صوبے کے دیگر شہروں میں شروع کیا جائے، اجلاس میں شہریوں کی سہولت کے لئے ناصر باغ روڈ پر جلد بی آر سروس شروع کرنے کا فیصلہ۔وزیراعلی کی شہر کی تزین و آرائش کے لئے پی ڈی اے کو مفصل پلان تیار کرنے کی ہدایت کی۔ شہر کی تزین و آرائش کے لئے ایسے اقدامات تجویز کئے جائیں جو پائیدار ہوں، سڑکوں کے اطراف لگے کھمبوں پر خوبصورت گملے نصب کرکے ان میں مصنوعی پودے اور پھول لگائے جائیں، اور ہیڈ پلوں اور عمارتوں پر خطاطی اور نقش و نگار کیے جائیں، ان نقش و نگاروں میں صوبے کی ثقافت کو اجاگر کیا جائے، اس مقصد کے لئے نجی کمپنیوں کی خدمات حاصل کی جائیں، پشاور میں سٹریٹ لائٹس کو شمسی توانائی پر منتقل کرنے پر کام کیا جائے، جہاں ضرورت ہو اور ہیڈ پلوں کی بجائے انڈر پاسز تعمیر کئے جائیں۔علی امین گنڈاپور نے کہا کہ ورسک روڈ تا ناصر باغ رنگ روڈ کے باقی ماندہ پورشن کی تعمیر کا کام جلد شروع کیا جائے، یونیورسٹی روڈ پر ٹریفک کے رش کو کم کرنے کے لئے بی آر ٹی کوریڈور کے اطراف سڑک کی بحالی پر کام کا آغاز کیا جائے۔