مراعات یافتہ طبقے سے ٹیکسوں کی وصولیاں بڑا چیلنج ہے

اسلام آباد:وفاقی وزیر قانون و انصاف اعظم نذیر تارڑ نے کہا ہے کہ ملکی درپیش مسائل اور چیلنجز میں ایک بڑا چیلنج مراعات یافتہ طبقے سے ٹیکسوں کی وصولیاں ہیں جس پر کوئی سمجھوتا نہیں کیا جائے گا ۔وزارت قانون و انصاف سے جاری بیان کے مطابق ٹیکس اصلاحات اور ٹیکس وصولیوں سے متعلق وزیراعظم میاں محمد شہباز شریف کی ہدایت پر وزیر قانون و انصاف اعظم نذیر تارڑ نے اپنی صدارت میں اے ٹی آئی آر ٹریبونل بینچوں کے سربراہان کا اجلاس بلایا اور طویل مشاورتی اجلاس میں سربراہان سے اعداد و شمار لیے گئے ۔ وزیر قانون نے تشویش کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ سینکڑوں کی تعداد میں کیسز زیر التواء ہیں۔وزیر قانون نے ہنگامی بنیادوں پر ان مقدمات کی شنوائی اور فیصلوں کا نظام وضع کرنے کی ہدایت کی۔ ٹریبونل میں جدید آٹومیشن سسٹم متعارف کرانے کا فیصلہ کیا گیا اور ہر بینچ کی ہفتہ وار کارکردگی کا جائزہ لیا جائے گا ۔ اجلاس میں ٹریبونلز کی کارکردگی بہتر بنانے کے لیے قانونی اصلاحات کے بارے میں غور کیا گیا ۔وزیر قانون نے باور کرایا کہ ملکی درپیش مسائل اور چیلنجز میں ایک بڑا چیلنج مراعات یافتہ طبقے سے ٹیکسوں کی وصولیاں ہیں جس پر کوئی سمجھوتا نہیں کیا جائے گا ۔ سالہاسال سے جاری سٹے آرڈر پر چلنے والے مقدمات کا فوری فیصلہ کیا جائے گا ۔