خیبر پختو نخواحکومت کا بلین ٹری پلس منصوبہ شروع کرنے کا فیصلہ

پشاور:وزیراعلی خیبر پختونخوا علی امین گنڈاپور کی زیر صدارت محکمہ جنگلات اور ماحولیات کا اجلاس گزشتہ روز منعقد ہوا۔اجلاس میں صوبائی وزیر جنگلات فضل حکیم اور محکمہ جنگلات کے اعلی حکام نے شرکت کی۔ اجلاس میں وزیر اعلی کو محکمے کے انتظامی معاملات، کارکردگی، اہداف اور دیگر امور سے متعلق بریفنگ دی گئی۔ صوبے میں جنگلات کے رقبے میں اضافے کے لئے بلین ٹری پلس شروع کرنے کا فیصلہ کیا گیا۔وزیراعلیٰ نے متعلقہ حکام کو مجوزہ بلین ٹری پلس منصوبے کے لئے ہوم ورک مکمل کرنے،متعلقہ حکام کو جنگلات کی کٹائی روکنے اور محکمے کا ریونیو بڑھانے کے لئے لائحہ عمل تیار کرنے اور محکمہ جنگلی حیات کو ماہی پروری کے فروغ کے لئے قابل عمل تجاویز اور ایکشن پلان تیار کرنے کی ہدایات جاری کیں ۔وزیراعلی خیبر پختونخوا علی امین گنڈاپور نے کہا کہ صوبے میں جنگلات کی غیر قانونی کٹائی کو روکنے کے لئے جرمانوں کی موجودہ شرح کو خاطر خواہ حد تک بڑھایا جائے، ٹمبر کی سمگلنگ پر کڑی نظر رکھنے کے لئے چیک پوسٹوں پر سی سی ٹی وی کیمرے نصب کئے جائیں۔اجلاس میں جنگلات کی سائنٹفک منیجمنٹ پر عملدرآمد سے متعلق معاملات پر بھی غوروخوض ہوا۔وزیراعلی نے کہا کہ جنگلات صوبے کا اثاثہ اور آنے والی نسلوں کی امانت ہیں، جنگلات کا تحفظ اور فروغ صوبائی حکومت کی اہم ترجیحات میں سے ہے۔انہوں نے کہا کہ موسمی تبدیلیوں کے منفی اثرات کے تدارک کے لئے صوبے میں جنگلات کے رقبے میں مزید اضافہ کیا جائے گا۔