ملکی معیشت کی بہتری کیلئے 5سالہ روڈ میپ پیش

اسلام آباد:وزیراعظم محمد شہباز شریف نے کہاہے کہ ملکی معیشت کی ترقی کے لیے 5 سالہ معاشی روڈمیپ پرمعیشت کے مختلف شعبوں کے تمام سٹیک ہولڈرز سے عملدرآمد کیلئے مشاورت کی جائے،حکومتی اخراجات کو کم کریں گے،زراعت، لائیو سٹاک، انفارمیشن ٹیکنالوجی، بیرونی سرمایہ کاری، چھوٹے و بڑے پیمانے کی صنعتوں کی ترقی کی استعداد میں اضافے کیلئے ترجیحی بنیادوں پر اقدامات اٹھائے جائیں۔وزیراعظم آفس کے میڈیا ونگ سے جاری کردہ بیان کے مطابق وزیراعظم محمد شہباز شریف کی زیرِ صدارت ملکی معیشت کی ترقی کیلئے 5 سالہ معاشی روڈمیپ پر اعلی سطحی جائزہ اجلاس منعقد ہوا۔اجلاس میں ملکی معیشت کی ترقی کیلئے آئندہ پانچ سال کا معاشی روڈمیپ پیش کیا گیا۔مہنگائی میں کمی، غربت کی تخفیف اور روزگار کی فراہمی روڈمیپ کا حصہ ہیں۔وزیراعظم محمد شہباز شریف نے کہا کہ معیشت کے مختلف شعبوں کے تمام سٹیک ہولڈرز سے اس پلان پر عملدرآمد کیلئے مشاورت کی جائے، وقت ضائع کئے بغیر ملکی معیشت کے استحکام و ترقی کیلئے منصوبوں پر عملدرآمد یقینی بنایا جائے۔وزیراعظم نے ہدایت کی کہ ان منصوبوں کے حوالے سے عملدرآمد کا شیڈول بنا کر پیش کیا جائے ۔انہوں نے کہا کہ زراعت، لائیو سٹاک، انفارمیشن ٹیکنالوجی، بیرونی سرمایہ کاری، چھوٹے و بڑے پیمانے کی صنعتوں کی ترقی کی استعداد میں اضافے کیلئے ترجیحی بنیادوں پر اقدامات اٹھائے جائیں، حکومتی اخراجات کو کم کریں گے، غریب عوام کے پیسے کو مزید ضائع نہیں ہونے دوں گا۔ انہوں نے کہا کہ آئندہ 5 برس میں ملکی معیشت کو استحکام دے کر اسے ترقی کی راہ پر گامزن کرنا ہے، ڈیجیٹلائیزیشن اور جدت سے محصولات بڑھائیں گے۔ وزیراعظم نے کہا کہ زرعی شعبے میں بھی جدت سے فی ایکٹر پیداوار بڑھائیں گے، نقصان میں چلنے والے حکومتی اداروں کی ترجیحی بنیادوں پر نجکاری کی جائے گی۔اجلاس میں وفاقی وزراء احسن اقبال، محمد جہانزیب، احد خان چیمہ، ڈاکٹر مصدق ملک، وزیر مملکت شزہ فاطمہ خواجہ، جہانزیب خان اور متعلقہ اعلی حکام نے شرکت کی۔ اجلاس کو ملکی معیشت کی ترقی کیلئے روڈ میپ اور کلیدی شعبوں میں مجوزہ اقدامات کے حوالے سے تفصیلی طور پر آگاہ کیا گیا۔اجلاس کو بجلی، زراعت و لائیو سٹاک، برآمدی شعبہ، درمیانے و چھوٹے پیمانے کی صنعت، ٹیکس، انفارمیشن ٹیکنالوجی، سرمایہ کاری اور نجکاری کے حوالے سے اقدامات پر بریفنگ دی گئی۔ وزیراعظم نے ان مجوزہ اقدامات پر تمام سٹیک ہولڈرز سے مشاورت کرکے ایک جامع پلان مرتب کرنے کی ہدایت کی۔