خیبر پختو نخوا حکومت کا رمضان پیکیج کے تحت عوام کو نقد رقم دینے کا اعلان

پشاور :خیبرپختو نخوا حکومت نے رمضان پیکیج میں شہریوں کو نقد رقم دیے جانے کا اعلان کیا ہے۔اس حوالے سے وزیرِ خوراک خیبر پختونخوا ظاہر شاہ طورو نے بتایا ہے کہ رمضان المبارک کے لیے پلان تشکیل دیا ہے۔انہوں نے بتایا کہ شہریوں کو فوڈ پیکیج کی بجائے نقد رقم دی جائے گی، نقد رقم دینے کا مقصد عوام کو دھکم پیل اور بد نظمی سے بچانا ہے۔وزیرِ خوراک ظاہر شاہ طورو کے مطابق صوبے میں رجسٹرڈ خاندانوں کی مجموعی تعداد ساڑھے 8 لاکھ ہے۔ان کا کہنا ہے کہ خیبر پختو نخوا میں تقریباً 50 لاکھ لوگ احساس پروگرام کے لیے رجسٹرڈ ہیں، ہر خاندان کو احساس پروگرام کے تحت 10ہزار روپے دیے جائیں گے۔وزیرِ خوراک کا یہ بھی کہنا ہے کہ رمضان میں اشیائے خور و نوش کی قیمتوں کے کنٹرول اور گراں فروشی میں ملوث افراد کے خلاف سخت اقدامات کیے جائیں گے۔