خیبرپختونخوا میں پناہ گاہیں بحال

پشاور:خیبرپختونخواہ میں پناہ گاہیں بحال کر دی گئیں ۔ تفصیلات کے مطابق تحریک انصاف کی خیبرپختونخواہ کی منتخب صوبائی حکومت نے اقتدار میں آنے کے بعد نگران حکومت کی جانب سے بند کر دیے جانے والے منصوبوں کو دوبارہ بحال کرنے کا سلسلہ شروع کر دیا ہے۔ وزیر اعلٰی علی امین گنڈاپور کی صوبائی حکومت نے صوبے میں پناہ گاہوں کو بحال کرنے کا باقاعدہ نوٹیفیکیشن جاری کر دیا۔جاری نوٹیفیکیشن کے مطابق صوبائی حکومت نے ابتدائی طور پر صوبے کے 11 اضلاع میں قائم پناہ گاہوں کی بحالی کیلئے 2 کروڑ روپے کے فنڈز ریلیز کر دیے۔ جاری نوٹیفیکیشن کے مطابق صوابی، مردان، ایبٹ آباد، کوہاٹ، بنوں، ڈی آئی خان، جنوبی وزیرستان، ضلع خیبر، پشاور، سوات، چارسدہ میں قائم پناہ گاہیں بحال کر دی گئی ہیں۔ان پناہ گاہوں میں رمضان المبارک کے دوران قیام کرنے والوں کو سحری اور افطاری بھی ملے گی۔