وزیراعلیٰ خیبرپختونخوا کا بارشوں کے متاثرین کیلئے معاوضے کا اعلان

پشاور : وزیراعلیٰ خیبرپختونخوا علی امین گنڈا پور نے صوبے میں بارشوں کے متاثرین کیلئے معاوضے کا اعلان کردیا۔ تفصیلات کے مطابق وزیراعلیٰ خیبرپختونخواعلی امین گنڈاپور نے سیکرٹری ریلیف سے رابطہ کیا اور بارش سے صوبے بھر میں ہونے والے نقصانات اور متاثرین کی رپورٹ مرتب کرنے کی ہدایت کردی، اس موقع پر وزیراعلیٰ خیبرپختونخواعلی امین گنڈاپور نے کہا کہ حادثات میں جاں بحق افراد کے لواحقین کو 10, 10 لاکھ، شدید زخمیوں کو3،3 لاکھ اور معمولی زخمیوں کو 50، 50 ہزار روپے کے چیک دیئے جائیں گے، بارش سے ہونے والے نقصانات پر بھی معاوضے دیئے جائیں گے۔انہوں نے کہا کہ حادثات کی وجہ منہدم ہونے والے گھروں کے مالکان کو عارضی رہائش گاہ، خوراک اور دیگر ضروریات کی فراہمی کے لئے اقدامات کئے جائیں، بارشوں اور برفباری کی وجہ سے بند ہونے والی سڑکوں کی بحالی کے لئے ضروری اقدامات اٹھائے جائیں، ہنگامی صورتحال سے نمٹنے کے لئے تمام تیاریاں مکمل رکھی جائیں، مصیبت کی اس گھڑی میں صوبائی حکومت متاثرین کے ساتھ ہے، متاثرین کو تنہا نہیں چھوڑا جائے گا ان کی ہر ممکن معاونت کی جائے گی، جاں بحق افراد کے لواحقین کے غم میں برابر کے شریک ہیں۔