بجٹ میں سرکاری ملازمین کی تنخواہوں میں 12 فیصد تک اضافہ متوقع

اسلام آباد : سرکاری ملازمین کی تنخواہوں میں 12 فیصد تک اضافے کا امکان ظاہر کردیا گیا۔ میڈیا رپورٹس کے مطابق وفاقی بجٹ میں سرکاری ملازمین کی تنخواہوں میں 10 سے 12 فیصد تک اضافہ ہوسکتا ہے، اس حوالے سے ذرائع وزارت خزانہ کا کہنا ہے کہ اگر سفارشات کی منظوری دی گئی تو سرکاری ملازمین کی تنخواہ میں اضافے کا اطلاق جولائی 2024ء سے ہو جائے گی تاہم اس ضمن میں کسی بھی قسم کے حتمی فیصلے کا اعلان حکومت کی جانب سے کیا جائے گا۔اسی حوالے سے وزیراعظم شہباز شریف کا کہنا تھا کہ ملک کے معاشی حالات چیلنجنگ ہیں لیکن مشکلات کے باوجود بجٹ میں تنخواہوں میں اضافے کی کوشش کریں گے،فضول اور شاہ خرچیوں میں کمی لائیں گے ، مہنگائی نے عام آدمی کی زندگی کو تنگ بنایا ہوا ہے، تیل کی قیمتوں میں کمی ہوئی ہے لیکن یہ مہنگائی کا متبادل نہیں ہے،یہ حقیقت ہے کہ غریب آدمی روز کے اخراجات بڑی مشکل سے برداشت کرتا ہے۔