صدر مملکت کی جرائم کی روک تھام کیلئے سندھ، پنجاب اور بلوچستان میں مؤثر رابطوں کا نظام بنانے کی ہدایت

اسلام آباد:صدر مملکت آصف علی زرداری نے وفاقی حکومت کے تعاون سے سندھ پولیس کو ضروری سازو سامان کی فراہمی یقینی بنانے کی ہدایت کرتے ہوئے سندھ کے مختلف علاقوں میں ترقیاتی کاموں کی رفتار تیز کرنے کی ضرورت پر زور دیا۔ایوان صدر میڈیا ونگ کی جانب سے جاری اعلامیہ کے مطابق صدر مملکت آصف علی زرداری کو وزیرِ ا علیٰ ہاؤس، کراچی میں سندھ کی امن و امان کی مجموعی صورتحال پر بریفنگ دی گئی۔ وزیر اعلیٰ سندھ سید مراد علی شاہ نے صدر مملکت کو امن و امان کی صورتحال پر بریفنگ دی جبکہ قانون نافذ کرنے والے اداروں کے نمائندوں نے صدر مملکت کو کراچی میں جرائم ، کچے کے علاقے اور صوبے کی مجموعی سیکورٹی صورتحال کے بارے میں آگاہ کیا ۔اس موقع پر صدر مملکت آصف علی زرداری نے ہدایت کی کہ شہر کے داخلی اور خارجی راستوں کی مؤثر نگرانی کا نظام وضع کیا جائے ۔ انہوں نے کہا کہ کراچی سیف سٹی پروجیکٹ کو ہنگامی بنیادوں پر مکمل کرنے کی ضرورت ہے۔ صدر مملکت نے مزید کہا کہ پولیس چوری شدہ مال کی مؤثر ٹریکنگ کو یقینی بنا تے ہوئے مناسب قانونی کاروائی کرے۔ انہوں نے مزید کہا کہ چینی شہریوں کی سکیورٹی یقینی بنانے کیلئے ہر قسم کی معاونت فراہم کی جائے ۔صدر مملکت نے کہا کہ کچے کے علاقے میں آپریشن کو پوری قوت کے ساتھ جاری رکھا جائے ،کچے کے علاقے کی سکیورٹی صورتحال بہتر بنانے کیلئے مزید پولیس چوکیاں قائم کی جائیں۔ آصف علی زرداری نے ہدایت کی کہ وفاقی حکومت کے تعاون سے سندھ پولیس کو ضروری سازو سامان کی فراہمی یقینی بنائی جائے ۔انہوں نے سندھ کے مختلف علاقوں میں ترقیاتی کاموں کی رفتار تیز کرنے کی ضرورت پر بھی زور د یتے ہوئے کہا کہ دریائے سندھ کے دونوں کناروں پر بھی ترقیاتی کام شروع کیے جائیں ، کچے کے علاقوں میں قبائلی مسائل کے حل کیلئے کمیونٹی اور مقامی رہنماؤں کی مدد لی جائے،سندھ، پنجاب اور بلوچستان کے درمیان جرائم کی روک تھام حوالے سے مؤثر رابطوں کیلئے نظام تیار کیا جائے۔صدر مملکت نے تعلیمی اداروں میں منشیات کے پھیلاؤ پر تشویش کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ کراچی شہر کو منشیات سے پاک شہر بنانا ہوگا ،طلبہ کے لازمی ٹیسٹ کرانے ، بحالی مراکز کے قیام کیلئے خصوصی قانون بنایا جا سکتا ہے۔ انہوں نے زور دے کر کہا کہ سندھ حکومت تمام والدین کومنشیات کے خلاف آگاہی فراہم کرے۔صدر ٓاصف علی زرداری نے مزید کہا کہ منشیات کے مقدمات میں پولیس کو دائرہ اختیار فراہم کرنے کیلئے وفاقی انسدادِ منشیات قوانین میں ضروری ترامیم کیلئے تجاویز پیش کی جا سکتی ہیں ،تعلیمی اداروں میں منشیات کے پھیلاؤ کی روک تھام کیلئے مؤثر اقدامات ناگزیر ہیں ، پولیس ڈرگ مافیا کے خلاف سخت قانونی کارروائی کرے ۔وزیر اعلیٰ سندھ مراد علی شاہ نے صدر مملکت کو امن و امان کی صورتحال ، اسٹریٹ کرائم کے خاتمے ، ڈاکوؤں کے خلاف آپریشن کےبارے میں بریفنگ دیتے ہوئے بتایا کہ کراچی میں اسٹریٹ کرائم ، کچے کے علاقے میں ڈاکوؤں کے خلاف کاروائی سے امن و امان کی مجموعی صورتحال بہتر ہوئی ہے،گزشتہ سال کی نسبت رواں سال جرائم کی تعداد میں کمی ریکارڈ کی گئی ہے۔انہوں نے کہا کہ دنیا کے بڑے شہروں کی نسبت کراچی میں جرائم کے واقعات کم ہوئے ہیں جبکہ دنیا کے بڑے شہروں میں جرائم کی شرح کراچی سے زیادہ ہے۔ انہوں نے مزید بتایا کہ صوبے بھر میں امن و امان کی صورتحال کا باقاعدگی سے جائزہ لیا جا رہا ہے ، پولیس کی استعدادِ کار میں اضافے کیلئے ضروری سامان کی فراہمی یقینی بنا رہے ہیں ،اسٹریٹ کرائم پر قابو پانے کے لیے سندھ پولیس نے اہم اقدامات کئے ہیں اور قانون نافذ کرنے والے ادارے کچے کے علاقوں میں بھی کارروائیاں کر رہے ہیں ۔وفاقی وزرائے داخلہ محسن نقوی، سائنس اینڈ ٹیکنالوجی خالد مقبول صدیقی ، صوبائی وزاء شرجیل میمن، ناصر شاہ اور ضیاء الحسن لنجار نے بھی اجلاس میں شرکت کی جبکہ اجلاس میں وفاقی اور صوبائی ا علیٰ حکام اور قانون نافذ کرنے والے اِداروں کے نمائندے بھی شریک تھے۔