خزانے میں تقریباً 100 ارب روپے چھوڑ کر جارہے ہیں

پشاور: نگران وزیراطلاعات خیبرپختونخواہ بیرسٹرفروز جمال شاہ کاکاخیل کا کہنا ہے کہ خزانے میں تقریباً 100 ارب روپے چھوڑ کر جارہے ہیں،جب نگران حکومت نے ذمہ داری سنبھالی تو صوبائی خزانہ خالی تھا سرکاری ملازمین کیلئے تنخواہوں کی ادائیگیوں تک کے پیسے نہیں تھے۔ میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے ان کا مزید کہنا تھا کہ مدینہ کی ریاست ایک ہی تھی اور تا قیامت ایک ہی رہے گی۔نگران وزیراطلاعات خیبرپختونخوا بیرسٹر فیروز جمال شاہ کاکا خیل نے نگران حکومت کی ذمے داریوں سے احسن طریقے سے عہدہ برآ ہونے پر اللہ تعالیٰ کا شکریہ ادا کیا۔انہوں نے کہا کہ جب ہم نے بطور نگران حکومت سنبھالی تھی تو ہمیں بہت ساری مشکلات کا سامنا تھا اور صوبے کے معاملات چلانے کیلئے فنڈز کی شدید قلت تھی لیکن اللہ کے فضل سے اب ہم خزانے میں 100ارب چھوڑکر جا رہے ہیں۔خیال رہے کہ اس سے قبل خیبرپختونخوا کی نگران حکومت نے نومبر تا فروری کے چار مہینوں کیلئے فنڈز اجرا کی پالیسی جاری کی تھی۔ جس کے تحت انفرادی طور پر کسی بھی سکیم کیلئے فنڈز جاری نہیں کئے گئے تھے۔محکمہ خزانہ کی جانب سے جاری اعلامیہ کے مطابق جاری منظور شدہ ترقیاتی اسکیموں کیلئے 10 فیصد فنڈز جاری کئے جائیں گے، مذکورہ فنڈز 90 فیصداستعمال ہونے پر ہی مزید فنڈزجاری ہوں گے۔