چین نے ہمیشہ مشکل وقت میں پاکستان کا ساتھ دیا
اسلام آباد:صدر مملکت ڈاکٹر عارف علوی سے عوامی جمہوریہ چین کے نائب وزیر خارجہ سن ویڈونگ نے ملاقات کی جس میں پاکستان اور چین کے باہمی فائدے کے لیے معیشت، انفارمیشن ٹیکنالوجی، زراعت اور انسانی وسائل کی ترقی کے شعبوں میں تعاون بڑھانے کی خواہش کا اعادہ کیا گیا۔ پاکستان کے دورے پر آئے ہوئے چینی نائب وزیر خارجہ نے وفد کے ہمراہ پیر کو یہاں ایوان صدر میں صدر مملکت سے ملاقات کی، پاکستان میں چین کے سفیر جیانگ زیڈونگ بھی ملاقات میں موجود تھے۔ایوان صدر کے پریس ونگ کے مطابق صدر مملکت نے وفد کا خیرمقدم کرتے ہوئے کہا کہ چین ایک بہت ہی عزیز دوست ہے جس نے ہمیشہ مشکل وقت میں پاکستان کا ساتھ دیا۔ انہوں نے اس بات پر روشنی ڈالی کہ سی پیک منصوبوں نے پاکستان کی توانائی کی ضروریات کو پورا کرنے اور اقتصادی ترقی میں بھی اہم کردار ادا کیا ہے۔ صدر نے کہا کہ پاکستان سی پیک کی اعلیٰ معیار کی ترقی کے لیے پوری طرح پرعزم ہے، سی پیک کے اگلے مرحلے میں چین کا تعاون پاکستان کی صنعتی ترقی کے لیے اہم ہو گا۔ انہوں نے کہا کہ دونوں دوست ممالک کے درمیان اقتصادی تعاون دوطرفہ تعلقات کو مزید مستحکم کرے گا۔انہوں نے پاکستان کی معیشت کو مستحکم کرنے میں چین کے تعاون کو سراہا۔ صدر مملکت نے کہا کہ پاکستان اپنی سماجی و اقتصادی ترقی کے لیے آئی ٹی، تعلیم، صحت، زراعت اور غربت کے خاتمے شعبوں میں چینی تجربات سے استفادہ کرنا چاہتا ہے۔ انہوں نے کہ پاکستان اور چین مختلف علاقائی اور بین الاقوامی معاملات پر ایک جیسے خیالات رکھتے ہیں اور مختلف فورمز پر تعاون کرتے ہیں۔انہوں نے اس بات کا اعادہ کیا کہ پاکستان “ون چائنا” پالیسی، تائیوان، ہانگ کانگ، تبت، سنکیانگ اور بحیرہ جنوبی چین سمیت تمام بنیادی مسائل پر چین کی حمایت جاری رکھے گا۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان قومی ترقی اور جموں و کشمیر تنازعہ پر اس کے اصولی موقف کی حمایت کرنے پر چین کا شکر گزار ہے۔ چین کے نائب وزیر خارجہ نے کہا کہ پاکستان اور چین کے درمیان دوستانہ تعلقات کی ایک پرانی تاریخ ہے جو مزید مضبوط ہوتے رہیں گے۔انہوں نے کہا کہ سی پیک کے مثبت نتائج برآمد ہوئے ہیں، دونوں ممالک میں مختلف شعبوں میں تعاون بڑھانے کے وسیع امکانات موجود ہیں۔ انہوں نے مارچ 2020 میں کووڈ۔19 کی وبا کے دوران چین کے دورے پر صدر پاکستان کا شکریہ ادا کرتے ہوئے کہا کہ چین کے ساتھ اظہار یکجہتی کے لیے ان کی حمایت کو ہمیشہ یاد رکھا جائے گا۔