پاکستان ایران كشيدگى کےخاتمہ کا فیصلہ خطہ کے ممالک اور عوام کے مفاد میں ہے

اسلام آباد:چیئرمین پاکستان علماء کونسل و نمائندہ خصوصی وزیر اعظم پاکستان برائے بین المذاہب ہم آہنگی و مشرق وسطیٰ حافظ محمد طاہر محمود اشرفی نے کہا ہے کہ پاکستان ایران كشيدگى کےخاتمہ کا فیصلہ خطہ کے ممالک اور عوام کے مفاد میں ہے۔ اپنے ایک بیان میں انہوں نے کہا کہ پاکستان چاہتا ہے کہ ایران سمیت تمام پڑوسیوں سے بہتر تعلقات ہوں۔ انہوں نے کہا کہ ایران کی طرف سے پاکستان کی حدود کی خلاف ورزی کسی صورت قابل قبول نہ تھی۔حافظ محمد طاہر محمود اشرفی نے مزید کہا کہ قومی سلامتی کمیٹی کے فیصلوں کو پوری قوم کی حمایت حاصل ہے۔انہوں نے کہا کہ ہم پہلےمسلمان اور پاکستانی ہیں ہمارے فرقے اور قبیلے بعد میں ہیں۔ انہوں نے کہا کہ دہشت گردی اور انتہا پسندی کے خلاف پاکستان کا کردار روز روشن کی طرح واضح ہے،پاکستان کی سلامتی استحکام اور خودمختاری سب سے اہم اور مقدم ہے۔