پاکستان کا ایران کے ساتھ کشیدگی ختم کرنے، سفارتی تعلقات بحال کرنے کا فیصلہ

اسلام آباد:نگران وزیراعظم انوار الحق کاکڑ نے کہا ہے کہ پاکستان قانون کی پاسداری کرنے والا اور امن پسند ملک ہے اور تمام ممالک بالخصوص ہمسایہ ممالک کے ساتھ دوستانہ اور تعاون پر مبنی تعلقات کا خواہاں ہے، پاکستان اور ایران کے مفاد میں ہے کہ وہ اپنے تعلقات کو بحال کرنے کیلئے اقدامات کریں، جیسے 16 جنوری سے پہلے تھے، پاکستان ایران کی جانب سے تمام مثبت اقدامات کا خیرمقدم کرے گا۔ان خیالات کا اظہار انہوں نے وفاقی کابینہ کے اجلاس کی صدارت کرتے ہوئے کیا۔ وزیراعظم آفس کے میڈیا ونگ سے جاری بیان کے مطابق اجلاس میں وزارت خارجہ نے نگران وفاقی کابینہ کو 16 جنوری 2024 کو پاکستان پر ایرانی حملے سے پیدا ہونے والی صورتحال سے آگاہ کیا۔وفاقی کابینہ کے اجلاس میں حملے کی تفصیلات کے ساتھ ساتھ پاکستان کے ردعمل کا بھی جائزہ لیا گیا۔ کابینہ نے افواج پاکستان کی اعلیٰ پیشہ وارانہ مہارت کی تعریف کی جس نے پاکستان کی خودمختاری کی خلاف ورزی کا جواب دیا اور اس سلسلے میں پوری حکومتی مشینری نے متحد ہو کر کام کیا۔وفاقی کابینہ سے خطاب کرتے ہوئے وزیراعظم انوار الحق کاکڑ نے کہا کہ پاکستان قانون کی پاسداری کرنے والا اور امن پسند ملک ہے اور وہ تمام ممالک بالخصوص اپنے ہمسایہ ممالک کے ساتھ دوستانہ اور تعاون پر مبنی تعلقات کا خواہاں ہے۔انہوں نے کہا کہ پاکستان اور ایران دو برادر ممالک ہیں اور ان کے درمیان تاریخی طور پر برادرانہ اور تعاون پر مبنی تعلقات ہیں جن میں احترام اور محبت ہے۔انہوں نے کہا کہ یہ دونوں ممالک کے مفاد میں ہے کہ وہ تعلقات کو بحال کرنے کے لئے اقدامات کریں جو 16 جنوری 2024 سے پہلے تھے۔وزیراعظم نے کہا کہ اس سلسلے میں پاکستان ایران کی جانب سے تمام مثبت اقدامات کا خیرمقدم کرے گا۔