نگراں وزیر اعظم کا چھوٹے شہروں میں مزید 40 سافٹ ویئر ٹیکنالوجی پارکس قائم کرنے کا اعلان

اسلام آباد:نگران وزیراعظم انوار الحق کاکڑ نے کہا ہے کہ انفارمیشن ٹیکنالوجی (آئی ٹی ) کے شعبہ کا ملکی معاشی ترقی میں اہم کردار ہے، خصوصی سرمایہ کاری سہولت کونسل کے تحت آئی ٹی کو ملک کے ترجیحی شعبوں میں شامل کیا گیا ہے، ہم دنیا کے 190 ممالک کو آئی ٹی کی خدمات فراہم کر رہے ہیں۔پاکستان فری لانسنگ کیلئے تیسرا سب سے بڑا مقبول ملک بن چکا ہے، ملک کے چھوٹے شہروں میں مزید 40 سافٹ ویئر ٹیکنالوجی پارکس قائم کئے جائیں گے، ملکی ترقی میں آئی ٹی کا شعبہ کلیدی کردار ادا کرے گا۔ کنونشن سنٹر میں ٹیک ڈسٹینیشن پاکستان کی تقریب سے خطاب کر رہے تھے۔نگران وزیراعظم نے کہا کہ آج کا دور جدید ٹیکنالوجی کی ترقی کا دور ہے، ٹیکنالوجی کے ہماری زندگی کے تمام پہلوئوں پر اثرات مرتب ہوئے ہیں، مصنوعی ذہانت سمیت ٹیکنالوجی کے جدید ذرائع اب ایک بنیادی ضرورت بن چکے ہیں جن کی وجہ سے سماجی و معاشی فوائد حاصل ہو رہے ہیں اور قوموں کی ترقی میں بھی ان کا بڑا اہم کردار ہے۔وزیراعظم نے کہا کہ پائیدار اقتصادی ترقی اور ٹیکنالوجی کے فروغ کی حقیقی استعداد سے فائدہ اٹھانے کیلئے انفارمیشن ٹیکنالوجی کا شعبہ ہماری توجہ کا محور ہے اور ہم ٹیک ڈسٹینیشن کے آئیڈیا کو فروغ دینے کیلئے کوشاں ہیں، حالیہ برسوں میں پاکستان میں انفارمیشن ٹیکنالوجی اور مواصلات کے شعبوں نے نمایاں ترقی کی ہے، انفارمیشن ٹیکنالوجی انڈسٹری نے معیشت کی بہتری، روزگار کے مواقع بڑھانے اور براہ راست غیر ملکی سرمایہ کاری کو راغب کرنے میں اہم کردار ادا کیا ہے۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان دنیا کے 190 ممالک کو آئی ٹی کی خدمات فراہم کر رہا ہے، آئی ٹی کے شعبہ کی جدید دور میں بہت اہمیت ہے اور یہ شعبہ جدیدیت، ٹیلنٹ کی دستیابی، حکومتی سہولیات اور دیگر اقدامات کی وجہ سے نالج اکانومی کا ایک لازمی حصہ ہے۔وزیراعظم نے کہا کہ 90 فیصد سے زائد ٹیلی ڈینسٹی کے ساتھ آئی ٹی اور آئی ٹی سے متعلقہ خدمات کی آف شور آئوٹ سورسنگ کی وجہ سے حال ہی میں پاکستان کو مالیاتی طور دنیا میں دوسرا بڑا پرکشش ملک قرار دیا گیا ہے، اس کے علاوہ پاکستان فری لانسنگ کیلئے تیسرا سب سے بڑا مقبول ملک بن چکا ہے۔ وزیراعظم نے کہا کہ حکومت پائیدار ترقی کیلئے آئی ٹی کے شعبہ پر خصوصی توجہ دے رہی ہے، پاکستان ملکی، علاقائی اور بین الاقومی سطح پر آئی ٹی انڈسٹری کے فروغ کیلئے تعاون کیلئے کوشاں ہے اور پاکستان کے ٹیک ڈسٹینیشن کے طور پر کردار سے ڈیجیٹل اکانومی میں انفارمیشن ٹیکنالوجی کا شعبہ مزید ترقی کرے گا۔وزیراعظم نے کہا کہ خصوصی سرمایہ کاری سہولت کونسل اور اس کی مختلف کمیٹیوں نے فعال انداز میں اپنا کام جاری رکھا ہوا ہے، ایس آئی ایف سی کے تحت دیگر ترجیحی شعبوں کے ساتھ انفارمیشن ٹیکنالوجی کے شعبہ کی شمولیت آئی سی ٹی انڈسٹری کی ترقی کیلئے ہماری حکومت کے عزم کی عکاس ہے، انفارمیشن ٹیکنالوجی کے شعبہ کی ترقی سے بڑے ثمرات حاصل ہوں گے، اس سے روزگار کے نئے مواقع پیدا ہوں گے، ریونیو بڑھے گا، برآمدات میں اضافہ ہو گا اور زرمبادلہ کے ذخائر بڑھیں گے، ڈیجیٹل معیشت میں آئی ٹی کا کردار انتہائی اہم ہے۔وزیراعظم نے کہا کہ حکومت ڈیجیٹل پالیسی کے ذریعے اقتصادی خوشحالی اور عوام کو بااختیار بنانے کیلئے پرعزم ہے، پاکستان سافٹ ویئر ایکسپورٹ بورڈ نے سافٹ ویئر ٹیکنالوجی پارکس کی تعداد میں اضافہ کیا ہے اور ان کی تعداد اب بڑھ کر 30 تک پہنچ گئی ہے۔ اس کے علاوہ ملک کے چھوٹے شہروں میں مزید 40 سافٹ ویئر ٹیکنالوجی پارکس قائم کئے جائیں گے اور مختلف ڈھانچہ جاتی اقدامات کے ذریعے ڈیجیٹل پاکستان کے وژن پر عمل پیرا ہوتے ہوئے آئی ٹی کے شعبہ کیلئے ہر طرح کا سازگار ماحول فراہم کیا جائے گا جس میں وسیع البنیاد قانون سازی، ریگولیٹری اور آپریشنل اقدامات شامل ہیں، مصنوعی ذہانت سے تعلیم، ٹرانسپورٹ، مالیات، صحت سمیت مختلف شعبوں اور انڈسٹری میں انقلاب برپا کیا جا سکتا ہے، وزارت انفارمیشن ٹیکنالوجی نے مصنوعی ذہانت سے متعلق قومی پالیسی کا مسودہ تیار کیا ہے جو ایک قابل تعریف اقدام ہے، حکومت آئی ٹی کے شعبہ کی ترقی کیلئے دنیا بھر سے آئی ٹی کے ماہرین کی خدمات حاصل کرنے پر بھی توجہ مرکوز کئے ہوئے ہے۔وزیراعظم نے کہا کہ پچھلے پانچ ماہ کے دوران پاکستان نے انفارمیشن ٹیکنالوجی اور ٹیلی کام کے شعبوں کی ترقی کیلئے کئی سنگ میل عبور کئے ہیں جن میں 10 ہزار ای روزگار مراکز کا قیام، پاکستان سٹارٹ اپس فنڈ، ڈیجیٹل اکانومی کے فروغ کے منصوبے کی منظوری، ٹیلی کام اپیلٹ ٹربیونلز کا قیام اور نیشنل سپیس پالیسی جیسے اقدامات شامل ہیں۔وزیراعظم نے کہا کہ ہم اپنے نوجوانوں کو بااختیار بنا رہے ہیں، علم پر مبنی معیشت کیلئے حکومت خصوصی اقدامات کر رہی ہے، فری لانسرز کا کردار انتہائی اہمیت کا حامل ہے، پاکستان سٹارٹ اپس فنڈ کے قیام کے نتیجہ میں خواتین اور فری لانسرز کی مؤثر شرکت حوصلہ افزاء ہے، پاکستان کا آئی ٹی کا شعبہ بہترین کارکردگی کا مظاہرہ کرنے والا شعبہ ہے، انسانی وسیلہ کی ترقی پر توجہ مرکوز کرنا وقت کی ضرورت ہے، حکومت آئی ٹی کے شعبہ کی ترقی کیلئے ہر ممکنہ تعاون فراہم کرے گی۔