محکمہ خوراک خیبر پختونخوا کی کرک میں بڑی کارروائی، گودام سے 54 ٹن چینی برآمد

پشاور: محکمہ خوراک خیبر پختونخوا نے ضلع کرک میں ذخیرہ اندوزی کے خلاف بڑی کارروائی کرتے ہوئے گودام سے 54 ٹن چینی برآمد کر لی۔محکمہ خوراک خیبر پختونخوا کی جانب سے جاری بیان کے مطابق ضلع کرک میں ضلعی انتظامیہ، اسسٹنٹ کمشنر تخت نصرتی فقیر حسین اور محکمہ خوراک کے ڈسٹر کٹ فوڈ کنٹرولر کرک محمد ارشد خان نے اپنی ٹیموں کے ہمراہ ایجنسیوں کی خفیہ رپوٹ پر تخت نصرتی کے مقام پر چھاپہ مارا۔چیکنگ پر مختلف دوکانوں کی انسپکشن کی گئی اور موقع پر ایک دوکاندار کے گودام میں بھاری مقدار تقریباً 54 ٹن چینی برآمد کی گئی جس کی مالیت تقریباً 86 لاکھ بنتی ہے۔برآمد شدہ چینی کو ضلعی انتظامیہ کرک نے اپنے قبصے میں لے لیا. ملزم کو قانونی کاروائی کےلیے پولیس کے حوالے کیا گیا۔