عوام کو دو خاندانوں کی بادشاہت اب قبول نہیں

اٹک: امیر جماعت اسلامی پاکستان سراج الحق کا کہنا ہے کہ کرپٹ اور ظالم حکمرانوں کی الٹی گنتی شروع ہوگئی، 8 فروری کو آئی ایم ایف کے غلاموں کو شکست ہوگی۔جلسے سے خطاب میں سراج الحق نے کہا کہ عوام اب دو خاندانوں کی بادشاہت قبول نہیں کریں گے، 8 فروری کو قوم نااہل سیاسی ٹرائیکا سے نجات حاصل کرے گی۔سراج الحق نے کہا کہ اقتدار میں آ کر کشمیر اور ڈاکٹر عافیہ صدیقی کو آزاد کروائیں گے، صاف شفاف قیادت ہی عوام کی محرومیوں کا خاتمہ کرے گی۔اس سے قبل، ملتان میں ایک تقریب سے خطاب کرتے ہوئے سراج الحق کا کہنا تھا کہ جب تک دو خاندان ہیں ملک ترقی نہیں کر سکتا، مجھے پی ٹی آئی اور پی ڈی ایم کا ساتھ دینے کا کہا گیا، جب میں نے پوچھا سب نے مل کر حکومت بنانی ہے تو ایجنڈا کیا ہے؟ تو بتایا گیا ہمارا مقصد صرف اقتدار میں آنا ہے۔انہوں نے کہا تھا کہ اقتدار میں آنے کے بعد نیب سے کیسز ختم کروائے گئے، اقتدار میں آنے والے جیت گئے اور عوام ہار گئے، پاکستان کو 2 خاندانوں نے یرغمال بنایا ہوا ہے، یہ اقتدار میں آ کر ایک دوسرے کو گھسیٹنے کی بات کرتے ہیں۔امیر جماعت اسلامی کا کہنا تھا کہ معیشت کمزور ہونے کی وجہ سے حالات خراب ہیں، 10 کروڑ پاکستانی غربت کی لکیر سے نیچے زندگی گزار رہے ہیں، انصاف کی عدم فراہمی کی وجہ سے بھی حالات اچھے نہیں ہیں۔ان کا کہنا تھا کہ ملک پر حکمرانی کرنے والوں کا احتساب ہونا چاہیے، حکمرانوں نے اداروں کو یرغمال بنایا، قوم 8 فروری 2024 کو تمام جماعتوں کا احتساب کرے۔