پاکستان سے حج آپریشن ڈیجیٹلائزڈ ہوگیا، موبائل ایپ جاری

اسلام آباد:عازمین کیلئے حج آپریشن ڈیجیٹلائزڈ کردیا گیا، وزارت انفارمیشن ٹیکنالوجی و ٹیلی کمیونیکیشن کے تحت عازمین حج کی سہولت کیلئے ریکارڈ مدت میں موبائل ایپ تیار کرلی گئی۔ نگراں وزیرآئی ٹی ڈاکٹرعمر سیف اور نگران وزیر مذہبی امورانیق احمد نے نیشنل انفارمیشن ٹیکنالوجی بورڈ کی تیارکردہ ایپلی کیشن کا مشترکہ طور پر اجراء کردیا۔ چیف ایگزیکٹیو آفیسر این آئی ٹی بی بابر مجید بھٹی نے خطبہ استقبالیہ میں ایپلی کیشن کے حوالے سے شرکاء کو آگاہ کیا۔تقریب سے خطاب کرتے ہوئے وفاقی وزیر انفارمیشن ٹیکنالوجی و ٹیلی کمیونیکیشن ڈاکٹر عمر سیف کا کہنا تھا کہ خصوصی سرمایہ کاری سہولت کونسل ( ایس آئی ایف سی) کی ہدایت کے تحت ملک میں ڈیجیٹلائزیشن کا عمل تیز کردیا گیا ہے، حج ایپلی کیشن کا اجراء اسی سلسلے کا اہم سنگ میل ہے۔ ڈاکٹر عمرسیف نے بتایا کہ ایپلی کیشن میں تمام مطلوبہ سہولیات فراہم کی گئی ہیں جس کے تحت عازمین حج خود کو رجسٹر کرواسکیں گے جس کے بعد وہ اپنے ذاتی کوائف کے اندراج اور اس میں مطلوبہ تبدیلی کے حوالے سے متعلقہ افسر سے فوری رابطہ کرسکیں گے۔ عازمین اپنی حج درخواست کے اسٹیٹس کو دیکھ سکیں گے کہ ان کی درخواست کس مرحلے میں ہےاپنے حج گروپ کی معلومات، تربیتی شیڈول، فلائٹ کی معلومات، سعودی عرب میں اپنی رہائش، ادائیگی اور دوران حج مقامات کے لائیو نقشے و لوکیشن سے خود کو آگاہ رکھ سکیں گے۔ڈاکٹر عمر سیف کا کہنا تھا کہ ایپلی کیشن کی خاص بات عازمین حج روانگی سے پہلے اور دوران حج، متعلقہ اسٹاف سے متعلق کسی قسم کی شکایات کا فوری اندراج کرسکیں گے جس پر فوری کارروائی عمل میں لائی جائے گی اس طرح عازمین حج کو اپنی شکایات کی سنوائی اور ازالے کیلئے ایک مؤثر پلیٹ فارم حاصل ہوجائے گا۔ یعنی اب عازمین حج اپنی درخواست جمع کرنے سے لے کر حج کی ادائیگی اور وطن واپسی تک ہر عمل میں ڈیجیٹلی طور پر شریک ہوں گے۔تقریب سے خطاب میں وفاقی وزیر مذہبی امور انیق احمد نے وزارت آئی ٹی اور اس کے ماتحت ادارے این آئی ٹی بی کی کاوشوں کی تعریف کرتے ہوئے کہا کہ حج آپریشنز سے متعلق موجودہ نظام کو اپ گریڈ کرنے کی ضرورت اور روزمرہ کے معاملات میں ٹیکنالوجی کو اپنایا جانا وقت کی اہم ضرورت ہے حج ایپلی کیشن اس جانب اہم قدم ہے جس سے نہ صرف حکام کو کسی بھی شکایت کا جواب دینے میں مدد ملے گیبلکہ عازمین حج کے حقیقی تاثرات جاننے میں مدد بھی ملے گی۔ نگران وزیرمذہبی امور کا کہنا تھا کہ اس ایپلی کیشن سے 2024 کا حج ڈیجیٹلائزڈ ہوگا، موبائل ایپلی کیشن سے وہ گم نہیں ہوں گے، ملائشین خواتین کی طرح پاکستانی خواتین حجاج کو قومی پرچم والا عبایا بھی دیں گے۔