سٹاک مارکیٹ میں ریکارڈ پر ریکارڈ قائم، 100 انڈیکس67 ہزار کی سطح عبور کر گیا

کراچی : پاکستان سٹاک ایکسچینج نے نیا ریکارڈ قائم کرتے ہوئے 67 ہزار پوائنٹس کی سطح عبور کرلی جب کہ ڈالر بھی تنزلی کا شکار ہوگیا۔ تفصیلات کے مطابق پاکستان سٹاک ایکسچینج کا 100 انڈیکس تاریخ میں پہلی بار 67 ہزار کی سطح عبور کرگیا، پاکستان سٹاک ایکس چینج میں کاروبار کے آغاز پر ہی تیزی کا رجحان رہا اور بدھ کے روز کاروبار کے آغاز پر ہی 100 انڈیکس میں 665 پوائنٹس اضافہ ہوا اور ایک نیا ریکارڈ قائم ہوگیا، اس اضافے کے نتیجے میں ہنڈریڈ انڈیکس 67 ہزار 38 پر ٹریڈ کرنے لگا۔دوسری جانب بتایا گیا ہے کہ روپے کے مقابلے میں امریکی ڈالر کی تنزلی کا سلسلہ جاری ہے اور انٹربینک میں ڈالر کی قیمت میں 53 پیسے کمی ہوئی، جس کے بعد ڈالر کی نئی قیمت 283 روپے 25 پیسہ ہوگئی۔