سردیوں میں ایل پی جی کے بحران کا خدشہ

اسلام آباد:ملک سردیوں میں ایل پی جی کے بحران کے دہانے پر، پاکستان آنے والے ایل پی جی جہاز کسی اور ملک چلے گئے، ایل پی جی بے تحاشا مہنگی ہو جانے کا خدشہ۔ تفصیلات کے مطابق ملک میں سردی کی شدت میں اضافہ ہونے کے بعد ایل پی جی کے بحران کا خدشہ پیدا ہو گیا ہے۔ میڈیا رپورٹس کے مطابق انکشاف ہوا ہے کہ ایل پی جی کے جو کارگو جہاز پاکستان پہنچے تھے، وہ جہاز ایل پی جی ان لوڈ کیے بنا ہی کسی اور ملک روانہ ہو گئے۔اس حوالے سے چیئرمین ایل پی جی ڈیلرز ایسوسی ایشن عرفان کھوکھر نے تصدیق کرتے ہوئے بتایا ہے کہ پاکستان آنے والے ایل پی جی کے دو جہاز سری لنکا چلے گئے ہیں، ان جہازوں کے ذریعے 21 ہزار ٹن ایل پی جی آنی تھی۔ ملک میں ڈیڑھ لاکھ ٹن ایل پی جی کی ماہانہ ضرورت ہے۔عرفان کھوکھر نے خبردار کیا ہے کہ ملک میں ایل پی جی کی قلت بڑھنے پر گیس کی قیمتوں میں اضافہ ہو جائے گا۔