مارکیٹ میں چینی کی قیمت پھر سے بے قابو ہو گئی

لاہور:مارکیٹ میں چینی کی قیمت پھر سے بے قابو ہو گئی، ملک کے مختلف شہروں میں چینی کی فی کلو قیمت میں اچانک بڑا اضافہ ، کئی شہروں میں چینی کی فی کلو قیمت نے ڈبل سینچری مکمل کر لی۔ تفصیلات کے مطابق ملک میں ایک مرتبہ پھر چینی بحران نے سر اٹھانا شروع کر دیا۔ ملک میں چینی کے اضافی ذخائر ہونے کے باوجود بیٹھے بٹھائے چینی کی قیمت کو پر لگ گئے ہیں۔ملک کے مختلف شہروں میں چینی کی فی کلو قیمت میں اچانک بڑا اضافہ دیکھنے میں آیا ہے۔ بلوچستان کے صوبائی دارالحکومت کوئٹہ اور سبی میں چینی کا بحران شدت اختیار کر گیا، 50 کلو چینی کی بوری ایک ہزار روپے کے اضافے سے 9 ہزار روپے کی ہوگئی ہے۔ فی کلو قیمت میں 20 روپے اضافے کے بعد پرچون میں چینی کی قیمت 180 سے بڑھ کر 200 روپے ہوگئی۔چینی کی قیمت میں ایسے وقت میں اضافہ ہوا ہے کہ جب حکومت نے شوگر ملز کے تمام تر دباو کے باوجود چینی ایکسپورٹ کرنے کی اجازت نہیں دی ہے۔شوگر ملز کی جانب سے لاکھوں ٹن چینی کا اضافہ اسٹاک ہونے کا دعوٰی کر کے حکومت سے چینی کی ایکسپورٹ کی اجازت مانگی گئی، تاہم حکومت کی جانب سے چینی ایکسپورٹ کی اجازت نہیں دی گئی۔ دعوٰی کیا گیا کہ مارچ 2022 میں گنے کی تاریخی بمپر فصل سے 80لاکھ میٹرک ٹن چینی کی پیداوار ہوئی جس میں سے تقریباً 20لاکھ میٹرک ٹن سرپلس چینی کی پیداوار کے ساتھ شوگر انڈسٹری حکومت سے فاضل چینی کی برآمد کے لیے درخواست کرتی رہی، جس سے اس وقت تقریباً ایک ارب امریکی ڈالر کمائے جا سکتے تھے۔