پاکستان نے فلسطین کے معاملے پر ہر فورم پر آواز بلند کی

اسلام آباد:وزیر اعظم کے نمائندہ خصوصی و چیئرمین پاکستان علمائے کونسل علامہ طاہر اشرفی نے کہا ہے کہ فلسطین کی صورتحال سب کے سامنے ہے اور پاکستان نے فلسطین کے معاملے پر ہر فورم پر آواز اٹھائی ہے، پاکستان کا فلسطین پر موقف واضح ہے ۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے پریس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔ انہوں نے کہا کہ او آئی سی ماضی کے مقابلے میں اتحاد کہیں بہتر ہے ، او آئی سی کے کوششوں سے ہی تیرہ ووٹ ایک طرف ہوئے ہیں ، عارضی جنگ بندی بھی ہوئی وہ بھی اوآئی سی کی کوششوں سے ہوئی۔انہوں نے کہا کہ نگران وزیر اعظم نے خود او آئی سی اجلاس میں شرکت کی اور انہوں نے او آئی سی میں اسرائیلی جرائم کی تحقیقات کیلئے ٹریبونل کے قیام کا مطالبہ کیا ۔ انہوں نے کہا کہ حکومت نے فلسطین کی امداد کو بڑھایا ہے اور پوری انسانیت اس وقت اہل فلسطین کے ساتھ کھڑی ہے ۔ پاکستان نے فلسطین کے معاملے پر ہر فورم پر آواز بلند کی ۔ انہوں نے کہا کہ فلسطین کا مسئلہ انسانیت کا مسئلہ ہے،مسئلہ فلسطین پر پاکستان اور امت مسلمہ میں تقسیم نہیں ، کل امریکہ نے سلامتی کونسل میں جنگ بندی کی قرارداد کو ویٹو کی ، پاکستان کی وزارت خارجہ نے اس پر واضح پالیسی بیان دیا۔انہوں نے کہا کہ پاکستان کا موقف ہے کہ اسرائیل ظالم ملک ہے ، پاکستان واحد ملک ہے جس کےاسرائیل کے ساتھ تعلقات نہیں ہیں ۔ دیگر خلیجی ممالک کے ساتھ تعلقات کے حوالے سے انہوں نے کہا کہ سعودی عرب ، یو اے ای اور قطر کے ساتھ معاشی تعلقات کو آگے بڑھائیں گے۔انہوں نے کہا کہ مسئلہ فلسطین کے حوا لے سےپاکستان کے موقف میں کوئی تبدیلی نہیں آئی، نگران وزیر اعظم کا موقف وہی ہے جو روز اول سے ہے۔