تمام مسلم قیادت فلسطین کے مسئلہ پر متحد ہے

اسلام آباد:وزیراعظم کے نمائندہ خصوصی برائے بین المذاہب ہم آہنگی ، مشرق وسطیٰ و اسلامی ممالک ،حافظ محمد طاہر محمود اشرفی نے کہا ہے کہ پاکستان سمیت تمام امت مسلمہ کا مطالبہ ہے کہ آزاد فلسطینی ریاست کا قیام عمل میں لایا جائے ، تمام مسلم قیادت فلسطین کے مسئلہ پر متحد ہے ، سعودی عرب کے ساتھ ہمارا ایمان کا تعلق ہے،حرمین شریفین امت مسلمہ کا مرکز ہے ۔ مقامی ہوٹل میں حج آرگنائزیشن ایسو سی ایشن آف پاکستان کے زیر اہتمام کانفرنس سے خطاب کر رہے تھے ۔حافظ محمد طا ہر محمود اشرفى کہا کہ او آئی سی نے متفقہ طور پر اسرائیلی بربریت کی بھرپور مذمت کی ہے۔ ا س وقت دنیا میں سب سے بڑا مسئلہ فلسطین کا ہے ۔ ہسپتالوںپر حملہ کرکے اسرائیل جنگی جرائم کا مرتکب ہوا ہے ۔ انہوں نے کہا کہ حکومت پاکستان کا موقف بالکل واضح ہے کہ فلسطینیوں کو ان کا حق ملنا لازم ہے ۔ انہوں نے کہا کہ حکومت اور عسکری قیادت کی مشترکہ کاوشوں کی بدولت ملک میں ڈالر کی قدر میں کمی آئی ہے ،اب عوام کا مطالبہ ہے کہ حکومت اور عسکری قیادت ملک میں مہنگائی پر قابو پانے کے لئے ہنگامی بنیاد وں پر اقدامات اٹھائے کیونکہ مہنگائی سے عام آدمی متاثر ہورہا ہے ۔حج آرگنائزرز حجاج کی تربیت بھی کریں، وہ عبادت کی جگہ ہے وہاں طواف میں کبھی تصویر نہیں بنوائی،ہمیں حجاج کو سہولیات فراہم کرنی ہیں ۔ انہوں نے کہا کہ حاجیوں کی تربیت کرنا بھی حج آرگنائزر کا کام ہے ،انہیں بتائیں کہ حج ایک مشکل عبادت ہے ،عازمین کو بتائیں کہ صبر و حوصلے کے ساتھ اپنی عبادات بجا لائیں ۔ انہوں نے کہا کہ حرمین شریفین میں کسی بھی قسم کی سیاست کی اجازت نہیں ۔سعودی عرب کے ساتھ ہمارا ایمان کا تعلق ہےحرمین شریفین امت مسلمہ کا مرکز ہے ۔انہوں نے کہا کہ غزہ کے معاملے پر سعودی عرب کا کردار مثالی ہے ۔برکس کانفرنس میں محمد بن سلیمان نے اسرائیل کو اسلحے کی سپلائی بند کرنے کا مطالبہ کیا ہے ۔ تقریب میں پاکستان میں متعین سعودی سفیر بھی موجود تھے ۔ مہمانوں کو اختتام پر تحائف اور یادگاری شیلڈز بھی پیش کی گئیں۔