اس وقت فلسطین میں جنگ نہیں نسل کشی کی جارہی ہے

اسلام آباد:وزیراعظم کے نمائندہ خصوصی برائے بین المذاہب ہم آہنگی اورچیئرمین پاکستان علماء کونسل حافظ محمد طاہر محمود اشرفی نے حج پالیسی 2024 کا خیر مقدم کرتے ہوئے کہا ہے کہ اس وقت دنیا میں سب سے بڑا اور اہم مسئلہ فلسطین کا ہے ،پہلے ہسپتالوں کو بمباری کرکے انہیں تباہ کیا گیا اور اب گزشتہ دو روز سے الشفاء ہسپتال میں اسرائیلی ظلم و بربریت جاری ہے،حکومت پاکستان کا موقف بالکل واضح ہے کہ فلسطینیوں کو ان کا حق ملنا لازم ہے ،لاکھوں کی تعداد میں فلسطینی مظلوم ہیں ، یہ جنگ مسلم اور غیر مسلم کی نہیں بلکہ ظالم اور مظلوم کی جنگ ہے،وفاقی حکومت جو کچھ کرسکتی ہے وہ کررہی ہے ۔ وہ پریس کانفرنس سے خطاب کر رہے تھے ۔وزیراعظم کے نمائندہ خصوصی حافظ محمد طاہر محمود اشرفی نے کہا کہ پوری دنیا کا سب سے اہم مسئلہ فلسطین کا ہے،فلسطین کے ہسپتالوں میں حملے کیے جا رہے ہیں ،فلسطین کے الشفاء ہسپتال کی بجلی تک بند کر دی گئی ہے۔ انہو ں نے کہا کہ وزیراعظم نے او آئی سی کے اجلاس میں اقوام متحدہ پر یہ جنگ روکنے کے لیے زور دیا،یہ مسئلہ پوری مسلم امہ کا ہے، فلسطینیوں کے لیے امداد بھیجنے کا سلسلہ جاری رہے گا۔انہوں نے کہا کہ آج یو این او نے بھی مطالبہ کیا ہے کہ ان جرائم کی تحقیقات ہونی چاہیئے ،او آئی سی میں طے ہوا ہے کہ جو ملک اسرائیل کو اسلحہ سپلائی کررہے ہیں وہ بند کریں ،ایک لمبے عرصے بعد پوری امہ ایک موقف کیساتھ سامنے آئی ہے ۔فوری جنگ بندی، امداد کی فراہمی، خود مختار ریاست اور اسرائیلی جرائم پر تحقیقات کے متفقہ مطالبات او آئی سی کے سامنے آئے ۔اس وقت فلسطین میں جنگ نہیں نسل کشی کی جارہی ہے ۔مسئلہ فلسطین و کشمیر امت مسلمہ کے مسائل ہیں جن میں کامیابی مظلوموں کی ہوگی ۔انہوں نے کہا کہ پاکستان علما کونسل ملک بھر میں پیغام پاکستان علماء و مشائخ کنونشن کا انعقادکرے گی ، ایک شعوری مہم کیساتھ پیغام پاکستان کے متفقہ فتوے کو آگے بڑھانا لازمی ہے ۔انہوں نے کہا کہ حرمین شریفین میں سیاست کی بجائے عبادت کی جائے، اس لئے عمرہ یا حج پر اس ادب کو ملحوظ خاطر رکھا جائے۔انہوں نے کہا کہ اسلامی تعاون تنظیم کی سربراہی سعودی عرب کے پاس ہے جس میں 57 ممالک نے او آئی سی پر اعتماد کا اظہار کیا ہے، او آئی سی پہلے سے زیادہ کامیاب ہوئی ہے، 15 سال بعد ایرانی صدر سعودی عرب گئے ۔سعودی ولی عہد کے ایک طرف ایرانی صدر اور دوسری طرف ترک صدر موجود تھے ۔نگران وزیراعظم انوار الحق کاکڑ بھی او آئی سی سربراہی اجلاس میں موجود تھے یہ کامیاب کانفرنس رہی۔۔انہوں نے کہا کہ اسرائیل بربریت پھیلانے والا درندہ بن چکا ہے، آج اس کے حلیف اس سے دور ہورہے ہیں ۔اس امر کی ضرورت ہے کہ اسلامی ممالک اور او آئی سی مزید سخت اقدامات اٹھائے ۔انہوں نے کہا کہ پاکستان آج بھی بابائے قوم کے موقف پر قائم ہے ، ہمیں پاکستانی ہونے اور اس موقف پر فخر ہے ۔