اقتصادی رابطہ کمیٹی نے 262ادویات کی قیمتوں میں اضافہ ملتوی کر دیا

اسلام آباد:اقتصادی رابطہ کمیٹی (ای سی سی) نے ربیع سیزن کیلئے یوریا کھاد کی درآمد اور پیٹرولیم ڈویژن کے لیے فنڈز کی منظوری دیدی ۔نگراں وفاقی وزیر برائے خزانہ، محصولات اور اقتصادی امور ڈاکٹر شمشاد اختر کی زیر صدارت اقتصادی رابطہ کمیٹی (ای سی سی) کا اجلاس منعقد ہوا۔ اجلاس میں وزیر برائے منصوبہ بندی، ترقی اور خصوصی اقدامات سمیع سعید، وزیر تجارت، صنعت و پیداوار گوہر اعجاز، وزیر برائے نجکاری فواد حسن فواد، وزیر آئی ٹی اور ٹیلی کمیونیکیشن ڈاکٹر عمر سیف ،وزیر پاور اینڈ پیٹرولیم محمد علی، وزیر برائے صحت خدمات، ریگولیشن اینڈ کوآرڈینیشن ڈاکٹر ندیم جان، وزیر اعظم کے مشیر برائے خزانہ وقار مسعود، چیئرمین ایس ای سی پی، وفاقی سیکرٹریز اور متعلقہ وزارتوں کے دیگر سینئر افسران نے شرکت کی ۔ای سی سی نے وزارت قومی صحت کی خدمات، قواعد و ضوابط اور کوآرڈینیشن کی سمری پر غور کیا جس میں ڈی پی سی نے اپنی 56 ویں اور 57 ویں میٹنگز میں تجویز کی تھی کہ مشکل کیٹیگری کے تحت 262 ادویات کی زیادہ سے زیادہ خوردہ قیمتوں (ایم آر پیز) میں اضافے کی منظوری دی جائے۔ ای سی سی نے تفصیلی بحث اور غور و خوض کے بعد وزارت قومی صحت کی خدمات، ضوابط اور کوآرڈینیشن سے کہا کہ وہ قیمتوں کے تعین کے طریقہ کار کے مناسب اور منصفانہ تجزیہ پر مشتمل اور اچھی طرح سے غور شدہ سفارشات کے ساتھ اگلے منگل تک پیش کریں۔ای سی سی نے وزارت سے یہ بھی کہا کہ وہ صوبائی محکمہ صحت کے ساتھ بات چیت کرے اور صنعت کے خدشات کو دور کرنے اور پہلے سے مہنگائی کے دبائو کا سامنا کرنے والے بیمار صارفین کے مفادات کے تحفظ کے لیے متوازن اور اصول پر مبنی اپنی سفارشات کو حتمی شکل دینے کو یقینی بنائے۔ ای سی سی نے ربیع سیزن کے لیے 200 کے ایم ٹی یوریا کھاد کی درآمد کے لیے وزارت صنعت و پیداوار کی جانب سے جمع کرائی گئی سمری پر بھی غور کیا۔ای سی سی نے فیصلہ کیا کہ پہلی بار حکومت سے حکومت کے انتظامات کے ذریعے کھاد کی درآمد کے آپشن کو تلاش کیا جائے۔ ای سی سی نے درآمدی لاگت اٹھانے کے لیے صوبوں کے ساتھ جمع شدہ مارک اپ کے ساتھ پوری کیش کریڈٹ کی حد کو نیشنل فرٹیلائزر مارکیٹنگ لمیٹڈ (این ایف ایم ایل) کو منتقل کرنے کا بھی فیصلہ کیا۔ ای سی سی نے مزید غور کیا اور وزارت توانائی (پیٹرولیم ڈویژن) کی جانب سے فنڈز کی فراہمی کے لیے پیش کردہ سمری کی منظوری دی۔ پیٹرولیم ڈویژن کے پی ایس ڈی پی منصوبوں کے لیے 423.726 ملین روپے تکنیکی ضمنی گرانٹ کے طور پر منظوری دیدی ۔