بلوچستان اور خیبرپختونخوا میں دہشتگردی کے واقعات،17فوجی جوان شہید

راولپنڈی: بلوچستان کے علاقے پسنی اور اورماڑہ میں دہشت گردوں کے حملے میں 14 جبکہ خیبرپختونخوا کے ضلع لکی مروت میں مقابلے کے دوران دو اور ڈیرہ اسماعیل خان میں دیسی ساختہ دھماکے میں ایک فوجی جوان نے جام شہادت نوش کرلیا، دہشت گردی کے واقعات میں 17 فوجی جوان شہید ہوئے۔پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ (آئی ایس پی آر) کے مطابق 3 نومبرکو خیبرپختونخوا میں دہشت گردی کے تین اور بلوچستان میں ایک واقعہ پیش آیا۔ڈیرہ اسماعیل خان کے علاقے روڑی میں انٹیلی جنس کی بنیاد پر آپریشن کیا گیا، جس کے دوران فائرنگ کے شدید تبادلے میں ایک دہشت گرد ہلاک اور دو زخمی ہوئے۔ مارے گئے دہشت گرد کی شناخت ٹی ٹی پی کے خودکش بمبار اسامہ کے نام سے ہوئی ہے۔ آئی ایس پی آر کے مطابق دہشت گرد علاقے میں ایک ہائی پروفائل واقعہ کو انجام دینے کی منصوبہ بندی کر رہا تھا۔ترجمان پاک فوج کے مطابق ضلع لکی مروت میں کی گئی دوسری کارروائی میں ایک دہشت گرد کو جہنم واصل کیا گیا جبکہ علاقے میں موجود دہشت گردوں کی پناہ گاہوں کا صفایا بھی کردیا گیا۔ فائرنگ کے شدید تبادلے کے دوران دو فوجی جوان نائیک ظفر اقبال اور سپاہی حاجی جان بہادری سے لڑتے ہوئے شہید ہوگئے۔خیبرپختونخوا میں دہشت گردی کا تیسرا واقعہ ڈیرہ اسماعیل خان میں پیش آیا جہاں کلاچی کے علاقے میں دیسی ساختہ بم دھماکے میں حوالدار شاہد اقبال نے جام شہادت نوش کیا۔پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ (آئی ایس پی آر) کے مطابق پسنی اور اورماڑہ جانے والی فورسز کی 2 گاڑیوں پر دہشت گردوں نے گھات لگا کر حملہ کیا۔آئی ایس پی آر کے مطابق گھناوٴنے فعل کے مرتکب افراد کو پکڑکر انصاف کے کٹہرے میں لایا جائے گا، علاقے میں سینی ٹائزیشن آپریشن جاری ہے، سیکیورٹی فورسز ملک سے دہشت گردی کی لعنت کے خاتمے کے لیے پرعزم ہیں۔