ایتھوپیا کے ساتھ تجارتی و اقتصادی روابط کو فروغ دینے کی ضرورت ہے

اسلام آباد: صدر مملکت ڈاکٹر عارف علوی نے ایتھوپیا کے ساتھ تجارتی و اقتصادی روابط کو فروغ دینے سمیت دونوں ممالک کی کاروباری برادریوں کے درمیان رابطوں کو آسان بنانے اور بڑھانے کی ضرورت پر زور دیتے ہوئے کہا ہے کہ پاکستان۔ایتھوپیا تعلقات مشترکہ تاریخ، مفادات اور بین الاقوامی فورمز پر باہمی حمایت پر مبنی ہیں۔ پیر کو ایوانِ صدر کے پریس ونگ سے جاری بیان کے مطابق صدر مملکت نے ان خیالات کا اظہار ایتھوپیا میں پاکستان کے نامزد سفیر میاں عاطف شریف سے ملاقات کے دوران کیا۔ انہوں نے سفیر پر زور دیا کہ وہ پاکستانی مصنوعات کی درآمد کے لئے ایتھوپیا کے تاجروں تک پہنچ کر ایتھوپیا کے ساتھ تجارتی حجم بڑھانے کے لئے کام کریں۔انہوں نے کہا کہ ایتھوپیا کے ساتھ تجارتی اور اقتصادی روابط فروغ دینے کی ضرورت ہے، پاکستان اور ایتھوپیا کے کاروباری افراد کے مابین رابطوں کو آسان اور بہتر بنایا جائے، نامزد سفیر پاکستانی مصنوعات کی برآمد، دوطرفہ تجارتی حجم بڑھانے کیلئے کام کریں۔ صدر مملکت نے ایتھوپیا کے ساتھ تعلیم کے شعبے میں تعاون اور عوامی روابط بڑھانے پر بھی زور دیا اور کہا کہ ایتھوپیا کے طلباء اپنی مہارتوں کو بڑھانے کیلئے ورچوئل یونیورسٹی، علامہ اقبال اوپن یونیورسٹی کے آن لائن؍ویڈیو تعلیمی مواد سے فائدہ اٹھا سکتے ہیں۔صدر نے کہا کہ پاکستان میں ایتھوپیا کے نوجوان سفارتکاروں کی تربیت، بینکنگ کورسز سے ایتھوپیا کے ساتھ دوطرفہ تعلقات مزید بہتر ہوں گے۔ ڈاکٹر عارف علوی نے دنیا میں اسلامو فوبیا کے تدارک، بین المذاہب ہم آہنگی اور باہمی احترام کے فروغ کیلئے اجتماعی کوششوں کی ضرورت پر زور دیا اور کہا کہ نامزد سفیر بھارت کے غیر قانونی زیر تسلط جموں و کشمیر میں بھارت کی جانب سے انسانی حقوق کی خلاف ورزیوں ، مظالم کو اجاگر کریں۔ صدر مملکت نے کہا کہ نامزد سفیر بھارت میں اقلیتوں کے ساتھ ناروا سلوک کو بھی اجاگر کریں۔