مہنگائی کی اونچی اڑان تاحال جاری

اسلام آباد : مہنگائی کی اونچی اڑان تاحال جاری، ہفتہ وار مہنگائی کی شرح 29 فیصد سے نیچے نہ آ سکی، ایک ہفتے میں 30 اشیائے ضروریہ کی قیمتوں میں اضافہ ہونے سے ہفتہ وار بنیادوں پر مہنگائی کی شرح 29 عشاریہ 16 فیصد ہو گئی۔ تفصیلات کے مطابق ادارہ شماریات کی جانب سے رواں ہفتے کے دوران ملک بھر میں مہنگائی کی صورتحال کے حوالے سے اعداد و شمار پر مبنی رپورٹ جاری کی گئی ہے۔وفاقی ادارہ شماریات کی رپورٹ کے مطابق ایک ہفتے میں 30 اشیائے ضروریہ کی قیمتوں میں اضافہ ہوا جبکہ ہفتہ وار بنیادوں پر مہنگائی کی مجموعی شرح 29.16 فیصد پر پہنچ گئی، ایک ہفتے کے دوران مہنگائی میں0.07 فیصد کی معمولی کمی آئی، حالیہ ہفتے میں 9 اشیاء کی قیمتوں میں کمی اور 12 کی قیمتوں میں استحکام رہا۔رپورٹ کے مطابق ایک ہفتے میں ٹماٹر فی کلی 26 روپے 32 پیسے مہنگے ہوئے حالیہ ہفتے کے دوران چینی کی قیمت میں 6 روپے 63 پیسے اضافہ ہوا ایک درجن انڈوں کی قیمت میں 11 روپے 7 پیسے اضافہ ہوا لہسن 8 روپے 4 پیسے اور چاول 2 روپے 69 پیسے مہنگے ہوئے دال مسور 2 روپے 29 پیسے دال مونگ 1 روپے 62 پیسے اور دال ماش 17 پیسے مہنگی ہوئی۔رپورٹ میں مزید بتایا گیا کہ ایک ہفتے میں ایل پی جی کا گھریلو سلنڈر 13 روپے 57 پیسے تک مہنگا ہوا، ایک ہفتے کے دوران پیاز، آٹا، چکن، آئل سمیت 9 اشیا کی قیمتوں میں معمولی کمی ہوئی ۔