خیبر پختو نخوا کےقبائلی اضلاع سے متصل بارڈر ایریا میں اضافی ناکہ بندیا ں قائم

پشاور: ایس ایس پی آپریشنز پشاور ہارون رشید نے کہا ہے کہ ضلع بھر میں سکیورٹی ہائی الرٹ ہے،شہر و مضافات میں داخلی و خارجی راستوں پر سخت چیکنگ کے ساتھ ساتھ پولیس گشت بھی بڑھا دیا گیا ہے،قبائلی علاقوں سے متصل بارڈر ایریا میں اضافی ناکہ بندیا ں قائم کی گئیں ہیں ۔ایس ایس پی آپریشنز نے کہاکہ اندرون شہر ماتمی جلوسوں کیلئے سکیورٹی پلان کے مطابق تھری لئیر سکیورٹی انتظامات مکمل کئے گئے ہیں ۔امام بارگاہوں کے ساتھ ساتھ تمام ماتمی جلوسوں کے لئے فول پروف اضافی سکیورٹی اقدامات کئے گئے ہیں ۔تمام اہم تقاریب ، روٹس سمیت مجالس عزاداری، امام بارگاہوں کی بم ڈسپوزل یونٹ اور سنیفر ڈاگز کے ذریعے سویپنگ کی جائے ۔جلوسوں ، امام بارگاہوں ، دیگر مذہبی عبادت گاہوں اور حساس مقامات کی سی سی ٹی وی کیمروں کے زریعے نگرانی کی جا رہی ہے۔امن وامان کے قیام کی خاطر انٹیلی جنس بیسڈ سرچ اینڈ سٹرائیک آپریشنزکا سلسلہ بھی مزید تیز کردیا گیا ہے۔شہر کی سکیورٹی کو فول پروف بنانے کے لئے بکتر بند گاڑیوں کی موجود گی کے ساتھ ساتھ آر آر ایف، اے ٹی ایس،کیو آر ایف، لیڈیز پولیس، بی ڈی یو، ابابیل سکواڈ، سٹی پٹرولنگ فورس کے جوانوں اپنے فرائض سر انجام دے رہے ہیں ۔انہوں نے کہا کہ ڈیوٹی کے دوران پولیس افسران و اہلکار بلٹ پروف جیکٹ وہیلمٹ کے استعمال کو یقینی بنائیں ۔انہوں نےشہریوں سےاپیل کی ہے کہ ڈیوٹی کے فرائض سرانجام دینے والے پولیس اہلکاروں کیساتھ تعاون کریں۔