ضلع خیبر خودکش دھماکے میں شہید پولیس اہلکاروں کی نماز جنازہ ادا

خیبر:ضلع خیبر تحصیل کمپاونڈ تھانہ باڑہ میں خود کش حملہ میں شہید ہونے والے پولیس اہلکاران محمد طیب،انوار خان، اور بہادر شیر کی نماز جنازہ شاہ کس پولیس لائنز میں پورے سرکاری اعزاز کے ساتھ ادا کر دی گئی۔خیبر پولیس لائنز شاہ کس میں ہونے والی نماز جنازہ میں آئی جی پی خیبرپختونخوا اختر حیات خان، سی سی پی او پشاور، صوبائی وزیر ٹرانسپورٹ، سیکٹر کمانڈر خیبر، ڈی پی او خیبر، ڈی سی خیبر سمیت مختلف مکاتبِ فکر اور شہداء کے لواحقین نے کثیر تعداد میں شرکت کی۔ اس موقع پر آئی جی پولیس اور دیگر شرکاء نے شہداء کے جسد خاکی پر پھولوں کی چادریں چڑھائیں اور شہداء کے بلند درجات کے لئے دعا کی۔پولیس کے چاق و چوبند دستے نے شہداء کو سلامی پیش کی، آئی جی پولیس نے شہید کے بچوں اور دیگر لواحقین سے تعزیت کرتے ہوئے شہداء کی پیشہ ورانہ خدمات پر ان کو زبردست الفاظ میں خراج عقیدت پیش کیا۔ آئی جی پی نے کہا کہ پولیس کی مربوط حکمت عملی کی بدولت جانی نقصان کم ھوا دہشت گردوں کو تھانہ میں گھُسنے کی کوشش ناکام بنا دی ان پولیس جوانوں نے جانوں کی پرواہ کئے بغیر بھرپور مقابلہ کیا انہوں نے شہدا کے لواحقین کو یقین دلایا کہ واقعہ میں ملوث عناصر کو جلد بے نقاب کرکے قانون کے کٹہرے میں لایا جائے گا۔