اوورسیز پاکستانیوں کے لئے موبائل فونز کی عارضی رجسٹریشن کے نظام کااجرا

اسلام آباد:وزیراعظم محمد شہبازشریف نے سمندر پار پاکستانیوں کے لئے موبائل فونز کی عارضی رجسٹریشن کے نظام کااجرا کردیا جبکہ وزیراعظم نے کہا ہے کہ پاکستانی تارکین وطن کے لئے جلد نان فنانشل پیکج کااجرا جلد کریں گے، زراعت ، آئی ٹی اور معدنیات کے شعبے پاکستان کی برآمدات بڑھانے میں اہم کردار ادا کرسکتےہیں۔ وہ منگل کو سمندر پار پاکستانیوں کے موبائل فونز کے لئے عارضی رجسٹریشن کے نظام کے اجرا کی تقریب سےخطاب کررہے تھے۔سمندرپارپاکستانیوں کی نشاندہی پر ذاتی موبائل فون پر کسٹم ڈیوٹی کی میعاد 2 ماہ سے بڑھا کر 120 دن کی جارہی ہے۔وزیراعظم نے کہاکہ تارکین وطن کے لئے عارضی رجسٹریشن آن لائن نظام کا اجرا کیا ہے اس پر وفاقی وزیر آئی ٹی اور وزارت کے اعلیٰ حکام ، ایف بی آر، پی ٹی اے کو مبارکباد پیش کرتے ہیں۔ یہ ایک اہم ڈیوائس ہے جو سمندر پار لاکھوں پاکستانیوں کے لئے ایک بہترین سہولت ہے۔ انہیں یہ سہولت گھر بیٹھے میسر آئے گی۔ وہ 4 ماہ تک بغیر ٹیکس دیئے اپنا فون استعمال کرسکیں گے۔ اس میں 120 دن کی توسیع بھی دی جائے گی۔اس میں مخصوص کیسز کی بجائے سب کو یہ سہولت ملنی چاہیے۔ انہوں نے کہا کہ انفارمیشن ٹیکنالوجی کو دنیا کے ترقی پذیر ممالک میں اس وقت بے پناہ سپورٹ ملی ہے۔ پاکستان کی آبادی کے کروڑوں بچے انفارمیشن ٹیکنالوجی کی تعلیم حاصل کررہے ہیں اور اس میں تیزی سے آگے بڑھ رہے ہیں۔ اس سیکٹر میں بہت مواقع ہیں، اس کو ضائع نہیں ہونے دینا۔ وزارت آئی ٹی محنت سے خدمات سرانجام دے رہی ہے ۔ بجٹ میں وزیراعظم یوتھ سکیم کے تحت نوجوانوں کی فنی تربیت کے لئے فنڈز رکھے گئے ہیں۔معاشی بحالی کا پروگرام مشکل سے معرض وجود میں آیا ہے۔ زراعت ، آئی ٹی ، معدنیات اور برآمدات اس کے لازمی عناصر ہیں۔ وزارت آئی ٹی کا اس میں کلیدی کردار ہے۔ آئی ٹی کی تربیت کے لئے تیزی سے کام کرنا چاہیے۔ وزیراعظم نے کہا کہ موبائل فونز پر ٹیکس عائد نہ کرنے کی رائے صائب ہے لیکن اس پر فیصلے کے لئے مزید اجتماعی مشاورت اور سوچ بچار کی ضرورت ہے۔ انہوں نے کہا کہ ملک میں لاکھوں بچوں کو میرٹ پر دوبارہ لیپ ٹاپ دیئے جا رہے ہیں۔ سکول کے بچوں اور اساتذہ کو ٹیبلٹ کی فراہمی کا پروگرام بھی شروع ہونا چاہیے تھا۔ سکولوں میں حاضری کے نظام کو بھی ڈیجٹیلائزڈ کیاجائے تو یہ ایک انقلابی قدم ہو گا۔اس میں کوئی رد و بدل نہیں کیا جا سکتا۔ ووکیشنل ٹریننگ کے لئے آئی ٹی پارک میں تیزی لائی جائے۔ وزارت کی ٹیم عرق ریزی سے کام کرے تو اس سیکٹر میں ہم تیزی سے ترقی کر سکتے ہیں۔ سمندر پار پاکستانیوں کو موبائل کی عارضی رجسٹریشن کی سہولت دوسری بار بھی بلاتفریق دی جانی چاہیے ، اگر اس میں تفریق روا رکھی گئی تو یہ سرخ فیتے کی نذرہو جائے گا۔ تارکین وطن کو وطن واپسی پر جو بھی سہولیات فراہم کی جاسکتی ہیں وہ کرنی چاہئیں۔ اس کے لئے آئندہ چند دنوں میں نان فنانشل پیکج کا اعلان کررہے ہیں۔تقریب سے وفاقی وزیر آئی ٹی سید امین الحق نے خطاب کرتےہوئے کہا کہ اس عارضی رجسٹریشن کے نظام سے بیرون ملک سے آنے والے پاکستانیوں کو 120 دن تک اپنافون بغیر ٹیکس ادا کئے استعمال کرنے کی اجازت ہو گی جبکہ وہ اس میں 120 دن کی توسیع بھی کروا سکتے ہیں۔ یہ ایک اچھا اقدام ہے۔انہوں نے کہا کہ ڈیجیٹل پاکستان کے وژن کو عملی جامہ پہنانے کے لئے موبائل فون پر ٹیکس نہیں ہونا چاہیے۔پاکستان میں پہلی بار موبائل فون تیار کرنے کے کام کا آغازہو اہے۔ 28 مختلف کمپنیاں یہاں فون تیارکررہی ہیں۔ پاکستان کی تاریخ میں پہلی بار موبائل فون برآمد کئے گئے ۔آئندہ ماہ اقتدار سے الگ ہو جائیں گے اور قوی امید ہے کہ وزیراعظم شہبا ز شریف کی سربراہی میں دوبارہ برسر اقتدار آ کر اس کام کو اسی طرح جاری رکھیں گے۔وزیراعظم کا وژن آئی ٹی برآمدات میں اضافہ اور سرمایہ کاری بڑھانا ہے جبکہ ان کا وژن سمارٹ فون فار آل ہے۔ چیئرمین پی ٹی اے میجر جنرل (ر) حفیظ الرحمن نے بھی تقریب سے خطاب کیا۔