قبا ئلی اضلاع میں سیاحت کے فروغ اور سیاحتی مقامات کو دنیا کے سامنے لانے کیلئے سٹریٹجک پراجیکٹ پرکام کا آغاز

پشاور : خیبر پختونخوا میں بالعموم اور ضم اضلاع میں بالخصوص سیاحت کی استعداد خطے میں ثانی نہیں رکھتی۔ خیبر پختونخوا حکومت نے ضم اضلاع میں سیاحت کے فروغ اور سیاحتی مقامات کو دنیا کے سامنے لانے کے لئے سٹریٹجک پراجیکٹ پرکام کا آغاز کر دیا ہے جس کے لئے سات اضلاع اور چھ سب ڈویژنوں میں سیاحت کے مختلف انفراسٹرکچر قائم کیا جائے گا، سیاحت کے فروغ اور سیاحتی مقامات کی نشاندہی کے لئے پہلے ہی سروے مکمل کیا گیا ہے۔پراجیکٹ کا بنیادی مقصد ضم اضلاع کے سیاحتی مقامات کو سامنے لانا ، ملکی اور غیر ملکی سیاحوں کو راغب کر نا ہے جس سے معاشی روابط قائم اور مقامی لوگوں کے لئے روزگار کے مواقع پیدا ہوں گے۔ سیکرٹری سیاحت کی انتظامی نگرانی میں پراجیکٹ مینجمنٹ یونٹ قائم کیا گیا ہے تاکہ ضم اضلاع میں سیاحت کے فروغ کے مقصد کا حصول یقینی بنایا جاسکے۔پراجیکٹ مینجمنٹ یونٹ تمام سٹیک ہولڈرز روابط کے ذریعے پراجیکٹ کی سرگرمیوں کی نگرانی کر رہا ہے۔پراجیکٹ کے تحت ضم اضلاع میں ٹورازم زون، ٹورسٹ انفارمیشن سنٹر، ریسٹ ایریاز، پکنک سپاٹ، ٹریکس، کیمپنگ پوڈ اور ٹورسٹ ریسٹ ہاؤسز بنائے جائیں گے۔ پراجیکٹ پر پانچ ارب روپے کا تخمینہ ہے پراجیکٹ پر متعلقہ اضلاع کی انتظامیہ اور فوج کے تعاون سے عملدرآمد کیا جارہا ہے۔ شندور فیسٹیول کے طرز پر فیسٹیول منعقد کئے جائیں گے یونیورسٹیوں، کالجوں کے طلبہ کو دورے کرائے جائیں گے۔اے آئی پی پروگرام کے تحت تمام ضم اضلاع میں ریسٹ ہاؤسز، ریسٹورنٹ ٹورسٹ انفارمیشن، پکنک سپاٹس اور ریسٹ ایریاز کی تعمیر شروع کر دی گئی ہے جن میں سے ایک مکمل ہوگیا ہے، حکومت پراجیکٹ کی بروقت تکمیل، ضم اضلاع میں بیاحت کے فروغ اور سیاحوں کو راغب کرنے کے لئے پرعزم ہے ،پراجیکٹ سے ضم اضلاع کی سیاحت ملک کے دیگر سیاحتی مقامات کے برابر آجائے گی۔