وزیراعظم نے لینڈ انفارمیشن اینڈ مینجمنٹ سسٹم کا افتتاح کردیا، تقریب میں آرمی چیف کی بھی شرکت

اسلام آباد:وفاقی حکومت نے لینڈ انفارمیشن اینڈ مینجمنٹ سسٹم کا اجراء کردیا ہے، لِمز کے قیام کا مقصد غذائی تحفظ بڑھانا اور زرعی برآمدات کو بہتر بنانا ہے،لمز کا قیام زرعی شعبے میں انقلاب برپا کرے گا،کسانوں کوفصلوں کی سیٹلائٹ سے نگرانی،منڈیوں تک براہ راست رسائی حاصل ہوگی،سیلابی پانی کو محفوظ کرنے کیلئے نئی نہریں بنائی جائیں گی۔تفصیلات کے مطابق پاکستان میں زرعی انقلاب کیلئے حکومت نے لینڈ انفارمیشن اینڈ مینجمنٹ سسٹم کا اجراء کردیا ہے، وزیراعظم شہبازشریف افتتاحی تقریب کے مہمان خصوصی تھے، آرمی چیف جنرل عاصم منیر بھی تقریب میں شریک تھے۔لِمز کے قیام کا مقصد غذائی تحفظ بڑھانا اور زرعی برآمدات کو بہتر بنانا ہے، جدید نظام زرعی پیداوار کو بہتر بنانے میں مدد دے گا، جدید نظام دیہی علاقوں کی فلاح و بہبود اور ماحولیاتی تحفظ کو یقینی بنائے گا۔جدید نظام سے مڈل مین کے کردار کو کم کرنے میں مدد ملے گی اور زرعی پیداوار میں اضافہ ہوگا۔ ورلڈ فوڈ پروگرام کے مطابق 36.9 فیصدپاکستا نی عوام غذائی عدم تحفظ کا شکار ہیں۔جبکہ 18.3 فیصد پاکستانیوں کو خوراک کے شدید بحران کا سامنا ہے۔خوراک کی ضروریات سے نمٹنے کیلئے سیاسی اور عسکری قیادت نے اقدامات اٹھانے کا فیصلہ کیا۔لمز کا قیام زرعی شعبے میں انقلاب کا باعث بنے گا۔ملکی تاریخ میں زرعی شعبے کی ترقی کا یہ پہلا جامع حکومتی اقدام ہے۔لمز کے قیام سے کسانوں کو موسمی تبدیلیوں سے متعلق معلومات میسرہوں گی۔فصلوں کی سیٹلائٹ سے نگرانی ، پانی، کھاد اسپرے سے متعلق معلومات دستیاب ہوں گی۔لمز کے قیام سے کسانوں کو منڈیوں تک براہ راست رسائی حاصل ہوگی۔ اس پروگرام سے روزگار کے مواقع میسر ہوں گے۔ سعودی عرب، قطر، چین، یواے ای، بحرین کے ساتھ منصوبوں میں شراکت داری کی جارہی ہے۔سیلابی پانی کو محفوظ کرنے کیلئے نئی نہریں بنائی جائیں گی۔