آئی ایم ایف کے ساتھ معاہدہ،قومی معیشت درست سمت میں گامزن

نارووال:وفاقی وزیر برائے منصوبہ بندی ، ترقی و خصوصی اقدامات احسن اقبال نے کہا ہے کہ معیشت کے پانچ اہم شعبے زراعت، انفارمیشن، ٹیکنالوجی، افرادی قوت، معدنیات اور صنعتیں برآمدات بڑھانے اور اقتصادی بحران سے نمٹنے میں اہم کردار ادا کرسکتی ہیں، آئی ایم ایف کے ساتھ معاہدہ کے بعد پاکستان درست سمت میں گامزن ہوگیا ہے اور یہ معاہدہ پاکستان میں اقتصادی انقلاب لانے میں مددگار ثابت ہوگا۔ان خیالات کا اظہار انہوں نے نارووال میں ایک پریس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے کیا ۔انہوں نے تمام وسائل بروئے کار لاتے ہوئے ملکی برآمدات میں اضافے کی ضرورت پر زور دیا ۔پاکستان کی مجموعی ملکی پیداوار کی شرح نمو خطے میں سب سے کم ہے اور ہم چھوٹی اور درمیانے درجے کی صنعتوں پر خصوصی توجہ دے کر مقررہ ہدف حاصل کرسکتے ہیں۔احسن اقبال نے کہا کہ ہمیں خود انحصاری کے لئے مجموعی ملکی پیداوار کے تناسب سے ٹیکس میں اضافہ کرنا چاہیے۔انہوں نے قوم پر زور دیا کہ وہ ملکی ترقی کے لئے ٹیکس کے کلچر کو اختیار کرے۔ احسن اقبال نے کہا کہ آئی ایم ایف معاہدے سے معیشت بہترہوگی، اس معاہدے نے پاکستان پر بین الاقوامی اداروں کے یقین کو مزید مضبوط کیا ہے، وزیراعظم محمدشہبازشریف کی کوششیں اس معاہدے کیلئے انتہائی اہم ہیں جس پر وزیرخزانہ اوران کی پوری ٹیم مبارکبادکی مستحق ہے۔ احسن اقبال نے کہا کہ تحریک انصاف نے پاکستان کی ریاست کے خلاف کام کیا، پاکستان کو نقصان پہنچایا، ایسی مثال پہلے کبھی نہیں دیکھی کہ کبھی کسی سیاسی جماعت نے سیاسی مخالفت کو ریاست مخالفت میں تبدیل کیا ہو لیکن تحریک انصاف نے یہ سب کچھ کیا ہے ۔انہوں نے کہا کہ معیشت کے پانچ اہم شعبے زراعت، انفارمیشن، ٹیکنالوجی، افرادی قوت، معدنیات اور صنعتیں برآمدات بڑھانے اور اقتصادی بحران سے نمٹنے میں اہم کردار ادا کرسکتی ہیں۔ ا نہوں نے مزید کہا کہ جو لوگ ملوث تھے انہیں سوچنا چاہیے کہ سیاسی وابستگی جس مرضی جماعت سے ہو ہم سب پہلے پاکستانی ہیں، ہماری شناخت سب سے پہلے پاکستان ہے ۔پی ٹی آئی نے معاہدے کوسبوتاژکرنے کیلئے پوری کوشش کی،پی ٹی آئی ملک دشمن سرگرمیوں میں حدسے گزرچکی ہے۔