پاکستان میں 2 کروڑ 70 لاکھ بچے اسکول سے باہر ہونے کا انکشاف

اسلام آباد:صدر مملکت ڈاکٹر عارف علوی نے پاکستان کو موجودہ مشکلات سے نکالنے کیلئے قومی ترجیحات پر نظر ثانی کرنے کی ضرورت پر زور دیتے ہوئے کہا ہے کہ ملک کو سماجی، اقتصادی اور سیاسی مشکلات سے نکالنے کیلئے قومی ترجیحات پر نظر ثانی ناگزیر ہے، تمام اداروں کی قیادت کی ذمہ داری ہے کہ وہ بڑے چیلنجز سے نمٹنے پر توجہ دیں۔ ایوان صدر کے پریس ونگ سے جاری بیان کے مطابق صدر مملکت نے ان خیالات کا اظہار سینئر آفیسرز لیڈرشپ کورس کے شرکاءسے گفتگو کرتے ہوئے کیا جنہوں نے منگل کو یہاں ایوان صدر میں ان سے ملاقات کی۔صدر مملکت نے کہا کہ صحت اور تعلیم کی سہولیات کی فراہمی اور معاشرے سے عدم مساوات کے خاتمے کے بڑے چیلنجز درپیش ہیں، غربت پر قابو پانے، معیشت کی بہتری، آبادی میں اضافے کو روکنے پر توجہ مرکوز کرنا ہوگی۔ صدر نے ملک میں درگزر اور انسانیت سے محبت کے جذبے کو فروغ دینے کی ضرورت پر زور دیتے ہوئے کہا کہ 9 مئی کو ہونے والے واقعات سے شدید تکلیف پہنچی، ماضی میں فیصلہ سازی میں تاخیر نے ملکی ترقی کو روکا۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان کو دنیا میں ہونے والی تبدیلیوں سے ہم آہنگ رہنے کیلئے تیز رفتار فیصلے کرنے کی ضرورت ہے، آئی ٹی، مصنوعی ذہانت ، اور سائبر سکیورٹی کے شعبوں میں ترقی کیلئے نوجوانوں کی تعلیم اور ہنرمندی پر سرمایہ کاری کرنا ہوگی۔صدر مملکت نے کہا کہ ملک اور عوام کو سائبر خطرات سے بچانے کیلئے پاکستان کو اپنی سائبر صلاحیتوں کو مضبوط بنانے پر توجہ دینی چاہیے، غربت کے خاتمے اور سماجی و اقتصادی ترقی کیلئے تعلیم اور صحت مرکزی ستون ہیں۔ ڈاکٹر عارف علوی نے عوام کو معیاری تعلیم اور صحت کی خدمات فراہم کرنے کی ضرورت پر زور دیا اور کہا کہ پاکستان میں تقریباً 2 کروڑ 70 لاکھ بچے سکولوں سے باہر ہیں جو قابل افسوس ہے۔ انہوں نے کہا کہ تعلیمی شعبے میں بنیادی ڈھانچے کی ترقی کے علاوہ آن لائن تعلیم اپنا کر بچوں کو تعلیم دی جاسکتی ہے۔