مودی سرکار کی اپنے غیر قانونی زیر تسلط جموں و کشمیر میں جی ۔ 20 اجلاس منعقد کرنے کی کوشش بری طرح ناکام

اسلام آباد: مودی سرکار کی بھارت کے غیر قانونی زیرتسلط جموں و کشمیر میں جی ۔20 اجلاس منعقد کرنے کی کوشش بری طرح ناکام ہو رہی ہے۔کشمیریوں کی جانب سے جی ۔ 20 اجلاس کا مکمل بائیکاٹ اور سخت رد عمل کا سامنا ہے۔میڈیا رپورٹس کے مطابق جی۔ 20 اجلاس بھارت کے غیر قانونی زیر تسلط علاقے میں منعقد کروانے کے تناظر میں آل پارٹیز حریت کانفرنس کی جانب سے دی جانے والی کال پر کشمیر میں مکمل شٹر ڈاؤن ہڑتال جبکہ پورے علاقے میں کرفیو کا سماں ہے۔مودی سرکار کی جانب سے کشمیر میں غیر انسانی پابندیاں عائدہیں۔سری نگر میں ڈل جھیل کے کنارے جہاں تقریب منعقد ہو رہی ہے، کے ارد گرد بھارتی فوجیوں ، پیرا ملٹری فورسز، ایلیٹ نیشنل گارڈز اور میری کمانڈوز کی بھاری نفری تعینات ہے۔سری نگر کے مختلف علاقوں میں بھارتی فوج اور پولیس نے دکانداروں کو طلب کر کے دکانیں کھولنے کی ہدایت کی اور عمل نہ کرنے پر سخت نتائج کی دھمکیاں دیں ۔بھارتی دھمکیوں کی پرواہ نہ کرتے ہوئے تاجروں نے گروپ 20۔ اجلاس منعقد کرنے کیخلاف مکمل شٹر ڈاؤن کر کے اپنا احتجاج ریکارڈ کروایا ۔