ضلع اورکزئی امن کے قیام کے بعد سیاحوں کی توجہ کامرکز بن رہاہے،کورکمانڈرپشاورحسن اظہرحیات

پشاور:کورکمانڈرالیون کورپشاورلیفٹیننٹ جنرل حسن اظہر حیات نے کہا ہےکہ ضلع اورکزئی ایک پرامن علاقہ ہے اور یہاں سیاحت کے بے پناہ مواقع موجود ہیں۔یہاں کے نوجوانوں کیلئے پیراگلائیڈنگ کلب بنانے کا اعلان کرتا ہوں تاکہ یہاں کے نوجوان پیراگلائیڈنگ کے میدان میں آگے آئیں۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے خیبرپختونخوا کے ضم اضلاع اورکزئی کے ستوری خیل میں منعقدہ سپرلے (جشن بہاراں) میلے کے موقع پر تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔ اس موقع پر ان ہمراہ جی او سی 9ڈویژن میجر جنرل محمد احسن خٹک، کمانڈنٹ اورکزئی سکاؤٹس محمد تسنیم خان، پراجیکٹ ڈائریکٹر ٹورازم اتھارٹی ضم اضلاع ونگ اشتیاق خان، ڈپٹی کمشنر اورکزئی طیب عبداللہ، ڈی ایس او محمد حسین سمیت علاقہ عمائدین اور دیگر اہم شخصیات موجود تھیں۔لیفٹیننٹ جنرل حسن اظہر حیات نے مزید کہاکہ جلد سیاحوں کو مزید سہولیات سے آراستہ کرنے کیلئے یہاں ہوٹلز، ریسٹورنٹس اور دیگر سہولیات فراہم کی جائینگی۔ یہاں آنے والے مردو خواتین سیاحوں کو عزت دیں ان کی مہمان نوازی کریں۔ انہوں نے کہاکہ ضلع اورکزئی میں کئی سیاحتی مقامات موجود ہیں اور میں نے خود ان مقامات کی سیر و تفریح کی۔ اورکزئی کے سیاحتی مقامات بہت خوبصورت ہیں اور مستقبل میں شمالی علاقہ جات گلیات اور ملاکنڈ کی بجائے سیاح ان مقامات کا رخ کرینگے۔ خیبرپختونخواکلچراینڈٹورازم اتھارٹی،پاک آرمی اور ضلعی انتظامیہ کے تعاون سے دوروزہ سپرلے میلہ کے آخری روز کھیلوں کے مقابلوں میں جیپ ریس، سائیکل ریس، بائیک ریس، نیزہ بازی، جوڈو کراٹے، میراتھن ریس، کبڈی، والی بال، کرکٹ، ماسک ریسلنگ سمیت دیگر کئی مقابلے ہوئے۔ اس موقع پر سیاحوں کو محظوظ کرنے کیلئے اونٹ اور گھوڑے کا روایتی رقص بھی پیش کیاگیا۔فیسٹیو ل میں آنیوالے سیاحوں اور مقامی افراد کیلئے مختلف ثقافتی سٹالز جن میں ٹرک آرٹ، چارسدہ چپل، ویکس پینٹنگ، کراکل ٹوپیوں کے علاوہ مختلف صوبوں کے ثقافتی سٹالز بھی سجائے گئے تھے۔فیسٹیول میں گزشتہ روز لیزلائٹس شو اور آتش بازی کا مظاہرہ بھی پیش کیا گیا جبکہ ساتھ ہی صوبہ کی روایتی موسیقی رباب کی دھنوں نے مقامی نوجوانوں کو جھومنے پر مجبور کردیا۔