پاکستان کا بھارتی ایم 17ہیلی کاپٹر گرانے کادعویٰ سچ ثابت ہوگیا

اسلام آباد: پاکستان کا آپریشن سوفٹ ریٹارٹ کے دوران بھارتی MI-17 ہیلی کاپٹر گرائے جانے بارے دعویٰ ’’سچ ثابت‘‘ ہوا۔بھارتی فضائیہ کے گروپ کیپٹن سمن رائے چوہدری کی کورٹ مارشل رپورٹ نے بھانڈہ پھوڑ دیا۔گروپ کیپٹن سمن رائے چوہدری اور ونگ کمانڈر شیام نیتھانی نے پاک فضائیہ کی جوابی کارروائی کے دوران “گھبراہٹ” میں اپنا ہی ہیلی کاپٹر مار گرایا تھا۔میڈیا رپورٹس کے مطابق بھارتی فضائیہ کا گروپ کیپٹن اپنی ہی قیادت کے بلنڈر کی بھینٹ چڑھ گیا۔بھارتی فضائیہ کی طرف سے گروپ کیپٹن سمن رائے چوہدری کو’’کورٹ مارشل‘‘ اور ونگ کمانڈر شیام نیتھانی کو Severe Reprimand کی سزا سنا دی گئی۔ہیلی کاپٹر گرائے جانے کے نتیجے میں بھارتی ایئرفورس کے 6 اہلکار وں سمیت 7 افراد ہلاک ہوئے تھے ۔گروپ کیپٹن سمن رائے چوہدری پر حکم عدولی کرنے اور بد حواسی میں میزائیل یونٹ کو اپنا ہی ہیلی کاپٹر مار گرانے پر کورٹ مارشل کیا گیا۔گھبراہٹ اور پریشانی کے عالم میں دئیے گئے احکامات سے بھارتی فضائیہ کو 133.3 کروڑ کا نقصان پہنچا۔پاکستان کی انٹیلیجنس ایجنسیوں نے اُسی وقت بھارتی بلنڈر کا بھانڈا پھوڑا دیا تھا جسے بھارت نے مسترد کرتے ہوئے اسے من گھڑت اور جھوٹ قرار دیا تھا۔گروپ کیپٹن سمن رائے چوہدری اور ونگ کمانڈر شیام نتھانی کی سزا نے پاکستانی دعوے کی تصدیق کر دی۔آئے روز کے سکینڈلز نے بھارتی افواج کی ساکھ اور عزت خاک میں ملا دی۔آپریشن سوفٹ ریٹارٹ کی ہزیمت کو چھپانے کیلئے ونگ کمانڈر ابھی نندن کو ویر چکرا کا اعزاز بھی دیا گیا تھا۔بھارتی عوام کا سوال ہے کہ کیا سکینڈلز زدہ بھارتی فوج ایک پیشہ ورانہ فوج کہلانے کی مستحق ہے، جو مسلسل اپنی عوام کی آنکھوں میں دھول جھونکتی رہی ہے۔