آج خیبر پختونخوا اسمبلی بھی تحلیل کر دی جائے گی

پشاور: وزیر اعلیٰ خیبر پختونخوا محمود خان نے کہا ہے کہ آج خیبر پختونخوا اسمبلی بھی تحلیل کر دی جائے گی اور بطور وزیر اعلیٰ یہ میرا آخری خطاب ہے۔وزیر اعلیٰ خیبر پختونخوا محمود خان نے کہا کہ آج خیبرپختونخوا اسمبلی بھی تحلیل کردی جائے گی اور آئندہ دوتہائی اکثریت سے حکومت بنائیں گے۔ عجیب قسم کے حالات پیدا کر دیئے گئے ہیں اور نہیں معلوم اس صورتحال کے پیچھے کون ہے؟انہوں نے کہا کہ آٹے اور گندم پر بہت بحث ہو رہی ہے اور ایک مسخرہ کہتا تھا جو کہتا تھا مہنگائی ہے وہ اب کہاں ہے ؟ آج ہمیں بتائیں مہنگائی کہاں پہنچ گئی ہے۔محمود خان نے کہا کہ خیبرپختونخوا پولیس دلیری کے ساتھ دہشت گردی کا مقابلہ کر رہی ہے لیکن خیبر پختونخوا اور فاٹا کے لیے وفاق نے فنڈز روک دیئے تھے اور وفاق اگر ہمارے پیسے نہیں دیتا تو ہم لوگوں کو ریلیف کیسے دیں گے۔انہوں نے کہا کہ ہم سے جو ہوسکتا تھا وہ ہم نے کیا اور کر رہے ہیں۔ حکمران ملک کو ٹھیک کرنے آئے تھے لیکن اپنے خلاف کیسز ختم کیے اور حکمرانوں کی خواہش تھی کہ پی ٹی آئی کو ہٹا دے، ہم حالات ٹھیک کریں گے۔وزیر اعلیٰ خیبر پختونخوا نے کہا کہ حکمرانوں کو دیکھ لیا اور انہوں نے ملک میں کیا ٹھیک کیا؟ حکمرانوں کے پاس تو اہلیت ہی نہیں تھی کچھ کرنے کی لیکن اب حکمران کہتے ہیں فلاں پر کیس بنے گا اور فلاں پر کیس بنے گا۔