خیبر پختونخوا میں  لیور ٹرانسپلانٹ سینٹر اور بون میرو ٹرانسپلانٹ سینٹر بنانے کا فیصلہ

پشاور: وزیر اعلیٰ خیبر پختونخوا علی امین خان گنڈاپورنے عوام کو صحت کی معیاری سہولیات مقامی سطح پر فراہم کرنے کے سلسلے میں ایک اہم اقدام کے طور پر صوبے میں لیور ٹرانسپلانٹ اور بون میرو ٹرانسپلانٹ سنٹرز قائم کرنے کا فیصلہ کیا ہے اورمحکمہ خزانہ کو ان سنٹرز کے قیام کیلئے درکار فنڈز ترجیحی بنیادوں پر فراہم کرنے کی ہدایت کی ہے۔وہ گزشتہ رات وزیراعلیٰ ہاوس پشاور میں محکمہ صحت کے ایک اجلاس کی صدارت کر رہے تھے۔ صوبائی کابینہ کے اراکین سید قاسم علی شاہ ، مزمل اسلم اور مشال یوسفزئی کے علاوہ چیف سیکرٹری ندیم اسلم چوہدری، متعلقہ انتظامی سیکرٹریز اور شعبہ صحت کے ماہرین بشمول ڈاکٹر عبد الوہاب ڈوگر، ڈاکٹر تقی ، ڈاکٹر جنرل (ر) پرویز اور ڈاکٹر ممتاز نے اجلاس میں شرکت کی۔اجلاس میں لیور ٹرانسپلانٹ سنٹر اور بون میرو ٹرانسپلانٹ سنٹرکے قیام کے فیصلے کو عملی جامہ پہنانے کے سلسلے میں مختلف اٴْمور پر تبادلہ خیال کیا گیا۔ سرکاری سطح پر یہ صوبے کے پہلے لیور اور بون میرو ٹرانسپلانٹ سنٹرز ہوں گے۔اجلاس میں فیصلہ کیا گیا کہ ابتدائی طور پر لیور ٹرانسپلانٹ سنٹر محدود پیمانے پر انسٹیٹیوٹ آف کڈنی ڈزیزز پشاور میں قائم کیا جائے گا،بعد میں یہ ٹرانسپلانٹ سنٹر مستقل بنیادوں پر خیبر میڈیکل یونیورسٹی میں زیر تعمیر عمارت میں منتقل کیا جائے گا۔اجلاس میں صوبے میں پہلا انسٹیٹیوٹ آف نیورو سرجری قائم کرنے کا بھی فیصلہ کیا گیا۔ یہ انسٹیٹیوٹ فاؤنٹین ہاؤس پشاور میں قائم کیا جائے گا۔وزیراعلیٰ علی امین خان گنڈا پور نے متعلقہ حکام کومذکورہ سنٹرز کے قیام کے لئے پلانز کو حتمی شکل دے کر منظوری کے لئے پیش کرنے کی ہدایت کی ہے اور واضح کیا ہے کہ پلانز میں ان سنٹرز کے قیام کے لئے درکار افرادی قوت، فنڈز اور طبی آلات کے ساتھ ساتھ ان کے انتظامی ڈھانچے کی تفصیل فراہم کی جائے۔وزیراعلیٰ نے ہدایت کی کہ ان سنٹرز کو پائیدار بنیادوں پر چلانے کے لئے قابل عمل فنانشل پلانز بھی ترتیب دیئے جائیں۔ اٴْنہوںنے کہاکہ صوبائی حکومت عوام کو صوبے میں ہی لیور اور بون میرو ٹرانسپلانٹ سہولت فراہم کرنے کے لئے پر عزم ہے، مذکورہ سنٹرز کے قیام سے صوبے کے لوگوں کو ٹرانسپلانٹ کے لئے دیگر صوبوں کو جانے کی ضرورت نہیں ہوگی۔علی امین گنڈا پور نے متعلقہ حکام کو مزید ہدایت کی کہ جن سرکاری ہسپتالوں میں ڈائیلاسز سروسز کی سہولت موجود ہے وہاں پر اس سہولت کی چوبیس گھنٹے دستیابی کو یقینی بنایا جائے اور جن سرکاری ہسپتالوں میں ڈائیلاسز کی سہولت دستیاب نہیں وہاں پر ڈائیلاسز سروس شروع کرنے کے لئے ضروری اقدامات اٴْٹھائے جائیں۔وزیراعلیٰ کا کہنا تھا کہ صحت کا شعبہ موجود صوبائی حکومت کی اہم ترجیحات میں شامل ہے۔صوبے کے عوام کو علاج معالجے کی معیاری سہولیات کی فراہمی کے لئے تمام دستیاب وسائل بروئے کار لائے جائیں گے۔