پاکستان کی بنگلہ دیش ساتھ تجارت میں 18.64فیصد اضافہ

اسلام آباد:پاکستان کی بنگلہ دیش ساتھ تجارت میں رواں مالی سال کے پہلے5ماہ میں 18.64فیصد اضافہ ہوا ہے ۔ رواں مالی سال (23۔2022) کے پہلے 5 مہینوں کے دوران بنگلہ دیش کے ساتھ پاکستان کی اشیاء اور خدمات کی تجارت میں گزشتہ سال کی اسی مدت کے مقابلے میں 18.64 فیصد زائد اضافہ ہوا ہے ۔زیر جائزہ مہینوں کے دوران تجارتی سرپلس 329.668 ملین ڈالر ریکارڈ کیا جو گزشتہ سال کے اسی مہینوں کے دوران 277.863 ملین ڈالر کے مقابلے میں 18.64 فیصد اضافہ کو ظاہر کرتا ہے۔جولائی تا نومبر (23۔2022) کے دوران بنگلہ دیش کو مجموعی طور پر 365.290 ملین ڈالر کی برآمدات ریکارڈ کی گئیں جو کہ جولائی تا نومبر (2021۔22) کے دوران 316.680 ملین ڈالر کی برآمدات کے مقابلے میں 15.34 فیصد کی نمو کو ظاہر کرتی ہیں۔دریں اثناء سال بہ سال کی بنیاد پر نومبر 2022 کے دوران بنگلہ دیش کی برآمدات میں 2.66 فیصد کی معمولی کمی دیکھی گئی جو کہ 72.356 ملین امریکی ڈالر سے بڑھ کر 70.431 ملین ڈالر تک پہنچ گئی۔سٹیٹ بینک آف پاکستان کے اعداد و شمار کے مطابق مجموعی طور پر پاکستان کی دیگر ممالک کو برآمدات میں پہلے5ماہ میں 2.01 فیصد کی کمی دیکھی گئی جو کہ 12.313 بلین ڈالر سے 12.065 بلین ڈالر تک پہنچ گئی۔ دوسری جانب زیر جائزہ مدت کے دوران بنگلہ دیش سے درآمدات 35.622 ملین ڈالر ریکارڈ کی گئیں جو گزشتہ سال 38.817 ملین ڈالر تھیں جو کہ 8.23 فیصد کی کمی کو ظاہر کرتی ہیں۔