پاکستان اور تاجکستان کے مختلف معاہدوں اور مفاہمت کی یادداشتوں پر دستخط

اسلام آباد:پاکستان اور تاجکستان کے درمیان ٹرانزٹ ٹریڈ سمیت مختلف شعبوں میں تعاون کے فروغ کیلئے معاہدوں اور مفاہمت کی یادداشتوں پر دستخط کئے گئے۔ وزیراعظم آفس کے میڈیا ونگ سے جاری مشترکہ اعلامیہ کے مطابق وزیراعظم ہاؤس میں پاکستان اور تاجکستان کے درمیان مختلف شعبوں میں تعاون کے فروغ کے لئے معاہدوں اور مفاہمت کی یادداشتوں پر دستخط کئے گئے ۔ اس موقع پر وزیراعظم محمد شہباز شریف اور تاجکستان کے صدر امام علی رحمن بھی موجود تھے۔دونوں ملکوں کے درمیان دوشنبے اور اسلام آباد کے درمیان سسٹر سٹیز ریلیشنز کے قیام کے لئے مفاہمت کی یادداشت پر دستخط کئے گئے۔ دونوں ملکوں کے درمیان صنعت اور ٹیکنالوجی کے شعبوں میں تعاون کیلئے معاہدہ پر دستخط کئے گئے۔ حکومت تاجکستان اور حکومت پاکستان کے درمیان ٹرانزٹ ٹریڈ کا معاہدہ بھی طے پایا۔ اس کے علاوہ صدر تاجکستان کے ماتحت ڈرگ کنٹرول ایجنسی اور اینٹی نارکوٹکس فورس پاکستان کے درمیان نارکوٹکس ڈرگز اور سائیکو ٹروپک مادوں اور ان کے ماخذوں کی غیر قانونی نقل و حمل روکنے کا معاہدہ بھی کیا گیا۔تاجک حکومت کی ایجنسی آف سٹینڈرڈرئزایشن ، میٹرولوجی ، سرٹیفکیشن اینڈ ٹریڈ انسپکشن اور حکومت پاکستان کی سٹینڈرڈز اینڈ کوالٹی کنٹرول اتھارٹی کے درمیان تعاون کا معاہدہ بھی ہوا۔ دونوں ملکوں کے درمیان کسٹمز سروس آف تاجکستان اور فیڈرل بورڈ آف ریونیو پاکستان کے درمیان الیکٹرانک ڈیٹا انٹرچینج کے قیام کے لئے مفاہمت کی یادداشت پر دستخط کئے گئے۔انسٹیٹیوٹ آف واٹر پرابلمز , ہائیڈرو پاور اینڈ ایکولوجی آف دی اکیڈمی آف سائنس تاجکستان اور پاکستان کی کونسل آف ریسرچ ان واٹر ریسورسز کے درمیان بنیادی تحقیق میں مفاہمت کی یادداشت پر بھی دستخط کئے گئے۔ اس موقع پر یونیورسٹی آف پشاور پاکستان اور تاجک نیشنل یونیورسٹی کے درمیان مفاہمت کی یادداشت پر بھی دستخط ہوئے۔