ملک کی ترقی کیلئے پارلیمنٹ کا تقدس برقرار رکھنا ضروری ہے، راجہ پرویز اشرف

اسلام آباد:سپیکر قومی اسمبلی راجہ پرویز اشرف نے کہا ہے کہ پارلیمنٹ 22 کروڑ سے زائد پاکستانیوں کی نمائندہ ہے اور اس کا تقدس برقرار رکھنا عوام کی امنگوں اور خواہشات کے تقدس کو برقرار رکھنے کیلئے ناگزیر ہے۔ انہوں نے کہا کہ ملک کی ترقی کیلئے پارلیمنٹ کا تقدس برقرار رکھنا ضروری ہے۔ انہوں نے کہا کہ ملک کے نوجوانوں کو پارلیمانی طریقہ کار اور قانون سازی کے معاملات سے بخوبی آگاہ کرنا ضروری ہے۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے پارلیمنٹ ہائوس میں پاکستان کے مختلف تعلیمی اداروں کے تقریباً 180 انٹرنیز سے ملاقات میں کیا۔سپیکر قومی اسمبلی راجہ پرویز اشرف نے کہا ہے کہ ہمارے ملک کے نوجوانوں کو اسلامی جمہوریہ پاکستان کے 1973 کے آئین کو سمجھنا چاہیے کیونکہ آئین ریاست کی روح ہے۔ انہوں نے کہا کہ اب یہ نوجوان نسل پر منحصر ہے کہ وہ آئین اور پارلیمنٹ کے تقدس کو برقرار رکھنے کی ذمہ داری لے۔انہوں نے یہ بھی خواہش ظاہر کی کہ اس انٹرن شپ پروگرام میں دور دراز کے علاقوں کے طلباء کو بھی شامل کیا جائے۔ انہوں نے کہا کہ یہ نوجوان نسل پر منحصر ہے کہ وہ پارلیمنٹ کے قانون سازی کے معاملات کے کمیٹی سسٹم سے اچھی طرح آگاہ ہو۔ سپیکر نے کہا کہ ہمارے نوجوانوں میں ملک کو موجودہ سماجی و اقتصادی چیلنجوں سے نکالنے کی تمام مطلوبہ صلاحیتیں موجود ہیں۔انہوں نے کہا کہ ملک میں سماجی و اقتصادی استحکام لانے کیلئے تربیت یافتہ اور ہنر مند نوجوان لازم و ملزم ہیں۔ اس موقع پر پائیدار ترقیاتی اہداف پر پارلیمانی ٹاسک فورس کی کنوینر ایم این اے رومینہ خورشید عالم اور ایڈیشنل سیکرٹری سپیشل انیشیٹو نیشنل اسمبلی سیکرٹریٹ شمعون اسماعیل بھی موجود تھے۔انہوں نے شرکاء کو اس بات سے بھی بھی آگاہ کیا کہ اس وقت پاکستان بھر کے مختلف تعلیمی اداروں سے 180 انٹرنز قومی اسمبلی سیکرٹریٹ میں خدمات سرانجام دے رہے ہیں۔ انہوں نے یہ بھی بتایا کہ قومی اسمبلی سیکرٹریٹ نے نوجوانوں کو بالخصوص قانون سازی کے معاملات میں تربیت دینے کیلئے مختلف یونیورسٹیوں کے ساتھ معاہدے بھی کیے ہیں۔