عمران خان نے امریکہ کو فوجی اڈے نہ دیکرغلطی کی، حمزہ شہباز شریف

مرکزی نائب صدر پاکستان مسلم لیگ ن اور پنجاب اسمبلی میں قائد حزب اختلاف حمزہ شہباز شریف نے کہا ہے کہ عمران خان نے امریکہ کو اڈے نا دے کر اور یورپین یونین پر تنقید کر کے غلط کیا، یہ غلط فارن پالیسی ہے۔

ان خیالات کا اظہار انہوں نے میڈیا سے بات چیت کرتے ہوئے کیا،انہوں نے کہا کہ عدم اعتماد کی تحریک جمع ہوتے ہی وزیراعظم بدزبانی، تضحیک اور بازاری زبان پر اتر آئے ہیں، یہ تقریر وزیراعظم پاکستان کی نہیں بلکہ کنٹینر پر کھڑے ایک ہارے ہوئے انسان کی تھی، ملک کو نااہلی اور کرپشن کی دلدل میں ڈبونے کا حساب دینے کا وقت آگیا ہے، اب عوام کو مایوسی غربت اور مہنگائی کی پاتال میں دھکیلنے کا حساب دینا پڑے گا، حمزہ شہباز شریف نے اپنے مزید کہا کہ اس وقت اپوزیشن ملک کو اس آسیب سے چھٹکارا دلوانے کے لئے یکسو ہے، اقتدار سے محرومی کے خوف نے وزیراعظم کو بوکھلا دیا ہے، اس بوکھلاہٹ میں ملک کی رہی سہی خارجہ پالیسی کو بھی داؤ پر لگا دیا گیا ہے، جھوٹے الزامات اور کیسز کی حقیقت عوام پر عیاں ہو چکی ہے۔