اقوام متحدہ کی جنرل اسمبلی کا احیا عالمی امن اور پائیدار ترقی کیلئے بنیادی اہمیت کا حامل ہے، پاکستانی مندوب

اقوام متحدہ:پاکستان نے کہا ہے کہ اقوام متحدہ کی جنرل اسمبلی کا احیا عالمی امن اور پائیدار ترقی کے لئے بنیادی اہمیت کا حامل ہے ، اس ادارے کو زیادہ موثر اور عالمی چیلنجوں جن میں عالمی پالیسی ساز ادارہ کو متاثر کرنے والے بھی چیلنج بھی شامل ہیں کے لیے جوابدہ بنانے کے لیے فعال نقطہ نظر اپنانے کی ضرورت ہے کہ یہ کثیرالجہتی کا نچوڑ ہے۔اقوام متحدہ میں پاکستان کے نائب مستقل نمائندہ عامر خان نے اقوام متحدہ کی جنرل اسمبلی کے کام کو زیادہ بہتر بنانے پر بحث کے دوران کہا کہ اس کی طاقت مساوی اور ناقابل تقسیم سلامتی اور پائیدار ترقی کی بنیاد پر عالمی امن کو فروغ دینے کی کلید ہے اور اس سلسلے میں اقوام متحدہ کے اہم اداروں بالخصوص جنرل اسمبلی اور سلامتی کونسل کے درمیان زیادہ سے زیادہ صف بندی، معلومات کے تبادلے اور ہم آہنگی کو فروغ دینے کی ضرورت ہے۔انہوں نے کہا کہ اقوام متحدہ کے چارٹر کی دفعات کے تحت دونوں اداروں کو الگ الگ لیکن اہم کردار تفویض کرتا ہے، جنرل اسمبلی سلامتی کونسل کو بین الاقوامی تشویش کے کسی بھی مسئلے پر موضوع پر مبنی خصوصی رپورٹس فراہم کرنے کے لیے مدعو کر سکتی ہے۔یہ رپورٹس سلامتی کونسل کے کام کا قابل قدر تجزیہ اور بصیرت فراہم کر سکتی ہیں۔پاکستان کے نائب مستقل نمائندہ عامر خان نے کہا کہ ہمیں اس پروویژن کا زیادہ سے زیادہ استعمال کرنا چاہیے، خاص طور پر ایسے مواقع پر جب سلامتی کونسل چارٹر کے باب ہفتم کے تحت نفاذ کے لیے کوئی فیصلہ لیتی ہے۔انہوں نے کہا کہ حالیہ سالوں میں اقوام متحدہ کے سیکرٹری جنرل کی تقرری میں شفافیت کو بڑھانے کی طرف پیش رفت کو جنرل اسمبلی کی زیادہ بامعنی شمولیت کے ساتھ انتخابی عمل کو مزید کھلا اور جامع بنانے کے لیے جاری رہنا چاہیے۔پاکستانی نمائندہ عامر خان نے جنرل اسمبلی کے صدر کےعہدہ کو مضبوط بنانے کی کوششوں کی حمایت کی۔