بیٹر ورک پروگرام گلوبل سے ہماری ٹیکسٹائل انڈسٹری کو فروغ ملے گا ،ایوب آفریدی

اسلام آباد:وزیر اعظم کے مشیر برائے اوورسیز پاکستانیز ایوب آفریدی نے کہا ہے کہ بیٹر ورک پروگرام گلوبل سے ہماری ٹیکسٹائل انڈسٹری کو فروغ ملے گا جس سے صنعتکاروں اور مزدوروں کویکساں فائدہ پہنچے گا۔وزیر اعظم کے مشیر برائے اوورسیز پاکستانیز ایوب آفریدی اور وزیر اعظم کے مشیر برائے تجارت عبدالرزاق داؤد کی نگرانی میں بیٹر ورک پروگرام گلوبل، وزارت تجارت کے درمیان ایم او یو اور ڈی ٹی ایف معاہدے پر دستخط کئے گئے ۔اس موقع پر گفتگو کرتے ہوئے مشیر اوورسیز پاکستانیز ایوب آفریدی نے ذاتی طور پر اور آن لائن شامل ہونے والے تمام شرکا کا شکریہ ادا کیا۔ انہوں نے کہا کہ یہ شراکت داری یقیناہماری ٹیکسٹائل انڈسٹری کو فروغ دے گی جس سے صنعتکاروں اور مزدوروں دونوں کو یکساں فائدہ پہنچے گا۔ انہوں نے کہا کہ وزارت سمندر پار پاکستانیز اس شراکت داری میں درکار ہر ممکن تعاون فراہم کرے گی۔انہوں نے یہ بھی کہا کہ یہ پروگرام ہمارے غیر ملکی صارفین کو پاکستان کو آرڈرز دینے کے لیے مزید اعتماد فراہم کرے گا۔مشیر تجارت عبدالرزاق داؤد نے کہا کہ اب وقت آگیا ہے کہ پاکستانی ٹیکسٹائل انڈسٹری بار بار حکومت سے مدد کے لیے آنے کی بجائے خودمختار اور ترقی پسند بنے۔ انہوں نے مزید کہا کہ اس پروگرام کے ذریعے پاکستانی ٹیکسٹائل انڈسٹری بین الاقوامی معیارات کی تعمیل کے ساتھ زیادہ کارکردگی اور پیداواری صلاحیت حاصل کرنے کے قابل ہو جائے گی جس کے نتیجے میں ہماری برآمدات میں اضافہ ہوگا۔پاکستان میں بہت سی صنعتوں نے لیبر کے لیے بہتر کام کرنے کے حالات شروع کر دیے ہیں اور مقامی ٹیکسٹائل سیکٹر کی قیادت کر رہے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان میں بیٹر ورک پروگرام بہترین وقت پر آرہا ہے جب ہماری ٹیکسٹائل انڈسٹری تیزی سے ترقی کر رہی ہے اور یہ پروگرام ہماری مضبوط صنعتی ترقی کو تقویت دینے کے لئے سب سے زیادہ فائدہ مند ثابت ہوگا۔بیٹر ورک پروگرام کے ساتھ جو کمپنیز اور برانڈز رجسٹرڈ ہیں ان تک ہماری انڈسٹری کو باآسانی رسائی حاصل ہوگی۔ ہماری ٹیکسٹائل انڈسٹری پہلے سے ہی کافی مسابقتی ہے اور مجھے یقین ہے کہ ہمارے مارکیٹ شیئر کو بڑھانے کے لئے یہی سب کچھ درکار تھا۔ سیکرٹری وزارت اوورسیز پاکستانیز نے کہا کہ بیٹر ورک پروگرام ٹیکسٹائل انڈسٹری کے کارکنوں کے لئے بہتر کام کے حالات کو یقینی بنائے گی اور صنعتی بنیاد کو بین الاقوامی معیار کے مطابق بنائے گی جس سے اس کی ترقی میں اضافہ ہوگا۔اس موقع پر شراکت داری کے ساتھ باضابطہ طور پر آگے بڑھنے کے لئے میٹنگ کے اختتام پر مفاہمتی یادداشت اور ڈی ٹی ایف معاہدے پر دستخط کئے گئے۔