پاکستان عالمی اور علاقائی معاملات میں چین کے کردار کو قدر کی نگاہ سے دیکھتا ہے، آرمی چیف جنرل قمر جاوید باجوہ

راولپنڈی:چیف آف آرمی سٹاف جنرل قمر جاوید باجوہ سے پاکستان میں چینی ناظم الامور پینگ چنکسو نے جی ایچ کیو میں ملاقات کی۔ ملاقات میں باہمی دلچسپی کے امور، دفاعی تعاون، سی پیک پر پیشرفت اور علاقائی سلامتی کی صورتحال پر تفصیلی تبادلہ خیال کیا گیا۔پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ کے مطابق آرمی چیف نے کہا کہ پاکستان عالمی اور علاقائی معاملات میں چین کے کردار کو قدر کی نگاہ سے دیکھتا ہے اور ہم اپنے دوطرفہ تعلقات کو بڑھانے کے خواہاں ہیں۔ انہوں نے اس بات کا اعادہ کیا کہ تمام علاقائی ممالک کو پائیدار امن اور استحکام کے لیے مل کر کام کرنے کی ضرورت ہے۔چینی ناظم الامور نے پاکستان میں سی پیک منصوبوں کو محفوظ ماحول کی فراہمی اور علاقائی استحکام کی کوششوں کے لیے کیے گئے خصوصی اقدامات پر آرمی چیف کا شکریہ ادا کیا۔ انہوں نے سی پیک پر پیش رفت پر اطمینان کا اظہار کیا اور پاکستان کے ساتھ ہر سطح پر سفارتی تعاون میں مزید بہتری کے لیے اپنا کردار ادا کرنے کا عزم ظاہر کیا۔