اپوزیشن کو تحریک عدم اعتماد میں شکست ہو گی، قاسم خان سوری

کوئٹہ:پاکستان تحریک انصاف کے صوبائی صدراور ڈپٹی اسپیکر قومی اسمبلی قاسم خان سوری نے کہا ہے کہ وزیراعظم عمران خان کے خلاف وہ قوتیں کاربند ہیں جو پاکستان کی خارجہ پالیسی کو خود مختار اور آزاد نہیں دیکھنا چاہتیں، ابھی تحریک عدم اعتماد جمع ہوئے ایک دن ہوا ہے ،وزیر اعظم کو مقابلہ کرنا اور جیتنا آتا ہے، کرپٹ ٹولہ اپنی موروثی سیاست اور بچوں کے لئے حصول اقتدار کیلئے اکھٹا ہوگیا ہے، بی اے پی اور پی ٹی آئی اتحادی جماعتیں ہیں ملکر چلیں گی۔ یہ بات انہوں نے کوئٹہ میں پی ٹی آئی کے صوبائی سیکرٹریٹ کے افتتاح کے موقع پر میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہی۔ اس موقع پر صوبائی وزیر مبین خلجی، وزیراعلیٰ کے مشیر میر نعمت اللہ زہری، پی ٹی آئی کے رہنما ڈاکٹر منیر بلوچ، عبدالباری بڑیچ، نذیر اچکزئی، آصف ترین سمیت دیگر بھی موجود تھے۔ڈپٹی اسپیکر قاسم خان سوری نے کہا کہ وزیراعظم عمران خان روز اول سے مقابلہ کرتے آئے ہیں اور تحریک عدم اعتماد کا نہ صرف ڈٹ کر مقابلہ کریں گے بلکہ اسے شکست بھی دیں گے انہوں نے کہا کہ کرپٹ ٹولہ اور پاکستان کی آزاد و خود مختار خارجہ پالیسی کے مخالف عناصر عمران خان کو وزیراعظم نہیں دیکھنا چاہتے عمران خان وہ وزیراعظم ہیں جنہوں نے ڈو مور پر ایبسولیوٹلی ناٹ کا جواب دیا ہے اور ہمیشہ ملک کے مفاد میں فیصلے کئے پاکستان کی خارجہ پالیسی کو آزاد اور خود مختار کیا ہے اور یورپی یونین سے سوال کیا کہ کیا انہوں نے بھارت کو بھی وہی خط لکھا جو پاکستان کو لکھا ہے پاکستان ایک آزاد ریاست ہے ہم اپنے فیصلے کرنے میں آزاد ہیں کسی کے دباؤ میں آکر فیصلے نہیں کریں گے ۔انہوں نے کہا کہ بلوچستان عوامی پارٹی اور پی ٹی آئی وفاق اور صوبے میں اتحادی ہیں تحریک عدم اعتماد کے معاملے پر بی اے پی سے رابطے میں ہوں ہم صوبے میں مخلوط حکومت کا حصہ ہیں جبکہ بی اے پی کی بھی وفاقی حکومت میں وزارتیں ہیں، بلوچستان عوامی پارٹی نے تحریک انصاف کی پہلے بھی حمایت کی ہے اب بھی ساتھ ہے ۔انہوں نے کہاکہ وزیراعظم اتحادی جماعتوں اور ارکان قومی اسمبلی سے ملاقات کر رہے ہیں جہانگیر ترین اور علیم خان پی ٹی آئی کے رہنما ہیں انہوں نے ہمیشہ وزیراعظم عمران خان کی قیادت پر یقین رکھا ہے اور کبھی کچھ نہیں کہا پارٹیوں میں باتیں ہوتی رہتی ہیں جنہیں افہام وتفہیم سے حل کرلیا جائیگا۔انہوں نے کہا کہ ابھی تو تحریک عدم اعتماد جمع ہوئے ایک دن ہوا ہے وزیراعظم کے پاس بہت سے آپشن موجود ہیں کرپٹ ٹولہ اپنی موروثی سیاست اور بچوں کے لئے حصول اقتدار میں مصروف عمل ہے جس میں انہیں شکست ہوگی۔بعدازاں ڈپٹی اسپیکر قاسم سوری، صوبائی وزیر مبین خلجی، وزیراعلیٰ کے مشیر میر نعمت اللہ زہری نے پی ٹی آئی کے صوبائی سیکرٹریٹ کاا فتتاح کیا اس موقع پر کارکنوں کی بڑی تعداد موجودتھی۔